اللہ تعا لیٰ کی بار گاہ میں انسان کے آنسو ؤں کی بڑی قدرو منزلت ہے،قاری خلیل الرحمن جاوید

جمعرات 6 مئی 2021 17:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2021ء) ممتاز دینی اسکالر و معروف ٹی وی اینکر پرسن قاری خلیل الرحمن جاوید نے علمی دانش گا ہ بروج انسٹی ٹیوٹ بلوچ کالونی کے مرکزی کیمپس میں نماز تراویح کے بعد فصاحت و بلاغت سے لبریز درس قرآن دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعا لیٰ کی بار گاہ میں انسان کے آنسو ؤں کی بڑی قدرو منزلت ہے ۔ اس ذات کریمی کے خوف اور ڈر سے نکلا ہوا آنسو بندگان خدا کے گناہوں پر پانی پھیر دیتا ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی زندگی کے غلط روٹس کو تبدیل کر کے صرف صراط مستقیم والے راستے پر چلنے کی حتی المقدور کوشش کرنی چاہئے کیونکہ یہی فلاح انسانیت کا راستہ بندہ مومن کو کامیابی کے مینارہ نور کی طرف لے جاتاہے ۔

قاری خلیل الرحمن جاوید نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ خدارا توہم پرستی ، پیر پرستی اور شخصیت پرستی کے دائروں سے باہر نکلیں یہ چھوٹے چھوٹے دائرے ہمیں دین سے کوسوں دورلے جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے درس قرآن کے دوران امام شافعی ؒکے دور کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں ایک بڑی موزی وبا کا نزول ہوا تو وہاں کے تمام خواتین و حضرات اپنے گھروں کو مقفل کر کے اپنی مسا جد میں جا بیٹھے تو کچھ ہی دنوں میں ان نفوس قدسیہ کو اس موزی وبا سے چھٹکارا مل گیا کیونکہ گھر کے آنگن میں اور خصوصاً اللہ کے گھر مسجد میں مانگی گئی دعائیں بہت جلد قبول ہو جایا کرتی ہیں ۔

قاری خلیل الرحمن جاوید نے درس کے اختتامی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم ماہ صیام کے آخری عشرہ میں ایسے روئیں جیسے ہم بچپن میں رویا کرتے تھے ۔ تاکہ رب تعالیٰ ہمارے نکلے ہوئے آنسوؤں کی لاج رکھتے ہوئے ہمیں جہنم کی آگ اور اس کا ایندھن بننے سے بچالے ۔

متعلقہ عنوان :