ملکی سفارت کاری کا جنازہ نکال کر تین سال بعد عمران صاحب کو سفیروں سے وڈیولنک پر خطاب کی یاد آئی ، مریم اور نگزیب

عمران صاحب سفارتی جائزہ لینا تھا تو میڈیا سرکس لگانے کی کیا ضرورت تھی آپ کس کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں ، ترجمان (ن)لیگ

جمعرات 6 مئی 2021 17:03

ملکی سفارت کاری کا جنازہ نکال کر تین سال بعد عمران صاحب کو سفیروں سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے سفیروں سے وڈیو لنک پر خطاب پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ملکی سفارت کاری کا جنازہ نکال کر تین سال بعد عمران صاحب کو سفیروں سے وڈیولنک پر خطاب کی یاد آئی ،عمران صاحب سفارتی جائزہ لینا تھا تو میڈیا سرکس لگانے کی کیا ضرورت تھی آپ کس کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں ،ملک میں افسروں کی تضحیک کے بعد پاکستان کی نمائندگی کرنے والے سفیروں اور سفارت خانوں کی تضحیک شروع کردی ہے،عمران صاحب آپ کنیٹنر پر خطاب نہیں کررہے، کچھ سفارتی وانتظامی اقدار سیکھیں،عمران صاحب کنٹینر کی زبان اپنے سفراء کے ساتھ استعمال کرتے ہوئے آپ کو شرم آنی چاہئے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ عمران صاحب لیکچر جھاڑنے سے پہلے یہ تو پتہ کرلیا کریں کہ پاسپورٹ اور نائکاپ کے اجرا کا تعلق وزارت داخلہ سے ہے، خارجہ سے نہیں ،عمران صاحب اپنی گرتی ہوئی سیاست بچانے کے لئے گری ہوئی حرکتیں کرکے ملک کے ساتھ خطرناک کھیل رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب بیرون ملک پاکستانیوں اور پاکستانی سفارت خانوں کے درمیان ٹکراو اور تصادم پیدا کرنے کی سازش کررہے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ ہندوستان کے سفیروں کی تعریف اور پاکستانی سفارتکاروں پر تنقید اور حوصلہ شکنی کرکے عمران صاحب دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں ،عمران صاحب وزارت خارجہ کے بجٹ میں اڑھائی فیصد اضافہ کرکے سفیروں سے مطالبہ کررہے ہیں کہ پوری دنیا فتح کرلو ۔ انہوںنے کہاکہ جن ممالک میں یہ سفیر نمائندگی کررہے ہیں، آپ کی حرکت کے بعد وہاںانہیں کوئی سنجیدہ کیوں لے گا ،عمران صاحب اس طرح کے ڈرامے کرکے بیرون ملک پاکستانی آپ کو ووٹ نہیں دیں گے،پاکستان میں عوام جس طرح آپ کو مسترد کرچکے ہیں، بیرون ملک پاکستانی بھی اس سے زیادہ آپ کو مسترد کریں گے،عمران صاحب آپ کو اب پاکستانی نہیں صرف الیکڑانک مشینیں ہی ووٹ دیں گی۔