آخری عشرہ اپنے اندر وہ قیمتی رات رکھتاہے جو اس عظیم کتاب کے نزول کا آغاز تھی، ثمینہ احسان

جمعرات 6 مئی 2021 17:03

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2021ء) رمضان کا عظیم مہینہ جو ہمارے پاس رب کا مہمان آتا ہے اور اپنے اندر خیروبرکت کا وسیع خزانہ لئے ہوئے ہے،یہ عظیم مہینہ اپنے اختتام کی طرف تیزی سے گامزن ہے اور اس کا آخری عشرہ آ پہنچا ہے،یہ مہینہ ہم دراصل نزول قرآن کے جشن کی خوشی میں تقوی کے حصول کیلئے مناتے ہیں اور یہ آخری عشرہ ہی اپنے اندر وہ قیمتی رات رکھتاہے جو اس عظیم کتاب کے نزول کا آغاز تھی۔

ایسی عظیم رات جو رہتی دنیا تک اپنے ڈھونڈ نے والوں کے لیے رب کی بے پایاں رحمتیں اور برکتیں لیے منتظر ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعتِ اسلامی حلقہ خواتین شمالی پنجاب کی ناظمہ محترمہ ثمینہ احسان نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوں تو رمضان کا پورا مہینہ دیگر مہینوں میں ممتاز اور خصوصی مقام کا حامل ہے لیکن رمضان المبارک کے آخری دس دن رات (آخری عشرہ) کے فضائل اور بھی زیادہ ہیں۔

(جاری ہے)

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ان دنوں میں اعتکاف فرماتے اور راتوں کو شب بیداری کا اہتمام کرتے۔ آپ کا رجوع الی اللہ، عبادت وطاعت اور ذکرو فکر اس عشرہ میں پہلے سے کئی گنا بڑھ جاتا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے رمضان کی راتوں خاص طور پر طاق راتوں میں بیداری عبادت، غور وفکر کی امت مسلمہ کو خاص تلقین کی اور ان راتوں میں شبِ قدر جس کی عبادت ہزار مہینوں کی عبادت سے زیادہ قیمتی ہے کو تلاش کرنے کی ہدایت کی۔

آپ صلی اللہ علیہ وسلم نہ صرف خود بلکہ اپنے اہلِ خانہ کو بھی ان راتوں میں بیدار کرنے کا اہتمام کرتے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ان قیمتی راتوں میں رب کی رضا حاصل کرنے اور اس کی ناراضگی دور کرنے کی خصوصی کوششیں کریں تاکہ وہ ھمارے اجتماعی گناہوں کو معاف کرتے ہوئے ہم سے آفتیں، بیما ریاں اور عذاب کی دوسری شکلیں دور کر دے۔