ِ سرسید یونیورسٹی آف انجینیرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا e-Creatorz کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط

جمعرات 6 مئی 2021 22:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2021ء) سرسید یونیورسٹی آف انجینیرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے e-Creatorz کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے جس کے تحت سرسید یونیورسٹی کو eDU اسمارٹز اکیڈمک انٹرپرائز ریسورس پلاننگ ERP کے نفاز اور استعمال کی اجازت ہوگی۔ e-Creatorz سرسید یونیورسٹی میں انٹرپرائز ریسورس پلاننگ ERP کے نفاز میں نہ صرف مدد دے گی بلکہ اس تمام مرحلے میں ہرپروگرام اور ماڈیول کے لیے سرسید یونیورسٹی کے اسٹاف کی تجربہ کار ٹرینرز کے ذریعے ٹریننگ کو بھی یقینی بنائے گی۔

اس معاہدے کے ذریعے سرسید یونیورسٹی کو ERP سسٹم تک رسائی حاسل ہوگی جس کے کئی فائدے ہیں جن میں داخلوں سے لے کر گریجویشن تک طلباء کی مدد و رہنمائی، فنانس، ہیومن ریسورس، پروکیورمنٹ اور انونٹری ماڈیول جیسے معاملات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

معلومات کے اشتراک اور معیار بندی کے ذریعے خدمات کی موثر فراہمی کے لیے سرسید یونیورسٹی کے طریقہ کار میں مزید بہتری لائی جائے گی۔

ڈیٹا اکھٹا کرنے کے خودکارعمل کے ذریعے سرسید یونیورسٹی کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے کاروبار کے مختلف حصوں میں ڈیٹا کو زیادہ سے زیادہ عیاں کیا جائے گا جو صارفین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اہم ہیں۔ بہتر رپورٹنگ اور منصوبہ بندی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین، فیکلٹی ڈین، تمام شعبہ جات کے سربراہان اور رجسٹرار کی موجودگی میں معاہدے کی دستخطی تقریب کا اہتمام کیاگیا۔ سرسید یونیورسٹی کے رجسٹرار انجینئرسید سرفراز علی اور e-Creatorz کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر سمیر شمسی نے معاہدے پر دستخط کئے۔#