فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم عمران خان کو اسسٹنٹ کمشنر کی شکایت لگا دی

فردوس عاشق اعوان اور اے سی سیالکوٹ کے درمیان تلخ کلامی کا معاملہ، فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم کو ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کر دی، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 6 مئی 2021 19:17

فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم عمران خان کو اسسٹنٹ کمشنر کی شکایت لگا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 6مئی 2021) فردوس عاشق اعوان اور اے سی سیالکوٹ کے درمیان تلخ کلامی کا معاملہ، فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم عمران خان کو اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف کے غیر پیشہ ورانہ رویے کی شکایت لگا دی، ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ بھی وزیراعظم کو پیش کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے ہیں، وزیراعظم رائیونڈ میں پنجاب پیری اربن کم لاگت ہاوسنگ سکیم کے منصوبے کا آغاز کرنے کی غرض سے لاہور آئے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وزیراعظم آج 10 مقامات پر ہاوسنگ منصوبے کا آغاز کریں گے 32مقامات پر ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے گا۔لاہور دورے میں وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کی ملاقات ہوئی، جس میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ سونیا صدف کے غیر پیشہ ورانہ رویے کی شکایت لگائی۔

(جاری ہے)

فردوش عاشق اعوان نے وزیراعظم کو پنجاب بھر میں مہنگائی پر بریفنگ بھی دی۔ وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ اور گورنرپنجاب ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم کو کورونا صورتحال اور ویکسین کی دستیابی بارے آگاہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ سیالکوٹ میں رمضان بازار کے ناقص انتظامات پر اسسٹنٹ کمشنر کو ڈانٹ پلائی تھی،رمضان بازار کے دورے کے موقع پر فردوس عاشق اعوان نے اسسٹنٹ کمشنر پر اظہار برہمی کیا اور سب کے سامنے خاتون افسر کو ڈانٹتے ہوئے کہا کہ تنخواہ لیتی ہیں تو فرض بھی ادا کیجیے۔

فردوس عاشق اعوان کی ڈانٹ ڈپٹ پر اسسٹنٹ کمشنر نے اعتراض کیا اور وہاں سے چلی گئیں۔جواب میں اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا ہم روزانہ مارکیٹ میں خوار ہوتے ہیں بات آرام سے بھی کی جاسکتی ہے گرمی سے کوئی پھل خراب ہوگیا تو کوئی کیا کرسکتا ہے۔اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ کسی نے معاون خصوصی کے رویے کو نامناسب قرار دیا تو کسی نے اسسٹنٹ کمشنر سے اظہار ہمدردی کیا تھا۔

واضح رہے کہ واقعے کے بعد فردوش عاشق اعوان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بھی اسسٹنٹ کمشنر کے غیر پیشہ ورانہ رویے کی شکایت لگائی تھی، جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے ایکشن لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ سونیا صدف کے خلاف انکوائری کرنے کا حکم دیا تھا اور اِسی انکوائری کی ابتدائی رپورٹ سامنے ا گئی ہے۔