Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب نے رائیونڈ میں وزیراعظم ہاؤسنگ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا

لاہورمیں35 ہزاراپارٹمنٹس اور پنجاب کی26 تحصیلوں میں پہلے مرحلے میں10120 گھر بنائے جائیں گے، ساڑھے3 مرلے کے گھر کی مجموعی لاگت 14لاکھ 30 ہزارجبکہ درخواستگزارکوایک لاکھ 43 ہزار جمع کرانا ہوں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 6 مئی 2021 19:18

وزیراعلیٰ پنجاب نے رائیونڈ میں وزیراعظم ہاؤسنگ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مئی2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کا 50 لاکھ گھروں کا وعدہ تیزی سے حقیقت میں بدل رہاہے۔ لاہور میں 35 ہزاراپارٹمنٹس پراجیکٹ کے پہلے فیز کا آغاز ہو چکا ہے اور 4 ہزار اپارٹمنٹس کی تعمیر کیلئے ایل ڈی اے سٹی ہاؤسنگ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے جبکہ پرائم منسٹرافورڈ ایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تحت صوبے کے مختلف شہروں میں 133 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔

پہلے مرحلے میں پنجاب کی26 تحصیلوں میں 32 مقامات پر 10120 گھر بنائے جا ئیں گے۔ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے آج 10 مقامات رائیونڈ، چونیاں، منڈی بہاؤالدین، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، چنیوٹ، خانیوال، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں پرائم منسٹرافورڈ ایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کا افتتاح کیا گیا ہے جبکہ پنجاب کی دیگر تحصیلوں میں بھی اس پراجیکٹ کو لانچ کرنے کیلئے کام جاری ہے اور اس پراجیکٹ کا دائرہ کار مزید تحصیلوں تک وسیع کریں گے اوربہت جلد یہ منصوبہ دیگر تحصیلوں میں بھی شروع کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

گھر کا رقبہ 3 مرلے سے بڑھا کر ساڑھے 3 مرلے کر دیا گیا ہے اور کل امدادی قیمت 30 سے 35 ہزار روپے فی مرلہ رکھی گئی ہے جبکہ اس رقبہ کی مارکیٹ ویلیو لاکھوں روپے میں ہے۔وہ آج رائیونڈ میں پرائم منسٹرافورڈایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے- وزیراعلیٰ نے کہا کہ پرائم منسٹرافورڈ ایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تحت ہر گھر کی مجموعی لاگت تقریباً 14لاکھ 30 ہزار روپے ہے جبکہ درخواست گزار ایک لاکھ 43 ہزار روپے جمع کرائے گا- تعمیرات کیلئے باقی رقم تقریباً 10 لاکھ روپے بینک آف پنجاب فراہم کرے گا- ماہانہ قسط تقریباً 10ہزار روپے رکھی گئی ہے۔

حکومت پاکستان ہر گھر کیلئے 3 لاکھ روپے سبسڈی فراہم کرے گی- اس طرح 14 لاکھ روپے مالیت کا گھر صرف 11 لاکھ روپے میں ملے گا جبکہ زمین پر دی گئی سبسڈی اس کے علاوہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب کو گھر فراہم کرنا کار خیر ہے - شفافیت اور کوالٹی کو یقینی بنانے کیلئے پرائم منسٹرافورڈایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تعمیراتی کام کی ذمہ داری ایف ڈبلیو او کے سپرد کی گئی ہے۔

صوبائی کابینہ اس پراجیکٹ کے 32 مقامات کیلئے انفراسٹرکچر بنانے کیلئے 3 ارب روپے کی منظوری دے چکی ہے جس سے سڑکیں اور دیگر انفراسٹرکچر بنایا جائے گا۔ پاکستان تحریک انصاف کے بینرتلے عوام کو سستی رہائشی سہولتیں دینے کا کام ایک جہاد سمجھ کر کیا جا رہا ہے- انشاء اللہ اس میں ہم سرخرو ہو ں گے اور یہ اس خواب کی تکمیل ہے جس کا وعدہ وزیراعظم عمران خان نے قوم سے کیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات