دل خالصہ کی طرف سے اشرف صحرائی کو زبردست خراج عقیدت

جمعرات 6 مئی 2021 23:26

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2021ء) امرتسر میں قائم سکھوں کی نمائندہ تنظیم دل خالصہ نے جموں کی جیل میں تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی کی دوران حراست موت پرگہر ے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ بااصول شخص اور اپنے کاز سے مخلص تھے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دل خالصہ نے امرتسر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ اشرف صحرائی پنجاب کے سکھوں کے حقیقی دوست تھے۔

انہوںنے مزید کہاکہ کشمیری عوام کی طرح سکھ بھی اپنے ایک ہمدرد اور حمایتی سے محروم ہو گئے ہی۔کیمونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ کے رہنماء محمد یوسف تاریگامی نے محمد اشرف صحرائی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ جیل میں محمد اشرف صحرائی کے حراستی قتل کی مذمت کیلئے آج اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیاگیا ۔

(جاری ہے)

مظاہرے کا اہتمام کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ نے کیاتھا۔برطانیہ کے مختلف شہروں میںنماز تراویح کے بعد محمد اشرف صحرائی کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے اس موقع پر کہاکہ بھارتی حکومت نے اشرف صحرائی کو ماورائے عدالت قتل کے بعد رات کی تاریکی میںبھارتی فوجیوںکی بڑی تعداد میں موجودگی میں دفن کردیا۔