ملک میں لاک ڈاون نفاذ کے باوجود بینک کھلے رکھنے کا اعلان

ملک کے تمام بینک 10 اور 11 مئی کو اپنی 50 فیصد برانچیں کھلی رکھیں گے: مشیر تجارت عبدالرزاق داود

muhammad ali محمد علی جمعرات 6 مئی 2021 20:04

ملک میں لاک ڈاون نفاذ کے باوجود بینک کھلے رکھنے کا اعلان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مئی2021ء) ملک میں لاک ڈاون نفاذ کے باوجود بینک کھلے رکھنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داود کی جانب سے اہم ٹوئٹس کیے گئے ہیں۔

مشیر تجارت عبدالرزاق داود کے مطابق ملک میں لاک ڈاون کے نفاذ کے حوالے سے بزنس کمیونٹی میں کچھ کنفیوژن تھی، تاہم اب واضح کر دیا گیا ہے کہ ایکسپورٹ انڈسٹری 10،11 اور 12 مئی کو اپنے آپریشنز جاری رکھے گی۔

اس کے علاوہ اگلے ہفتے کے 2 روز بینک بھی کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 10 اور 11 مئی کو ملک بھر میں تمام بینک اپنی 50 فیصد برانچیں کھلی رکھیں گے۔ بینکوں کی برانچیں صبح 9 سے دوپہر 2 بجے تک کھلی رہیں گی۔ جبکہ اس سے قبل ہفتہ 8 مئی کو بھی بینک برانچز کھلی رکھنے کا اعلان کیا جا چکا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ مشیرتجارت رزاق داوَد نے عیدالفطر کی 6 چھٹیاں دینے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ عیدالفطرکی صرف 3 چھٹیاں دینی چاہئیں ، کیوں کہ 6 چھٹیاں ہونے سے ایکسپورٹرز کو مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے عیدالفطر کی چھٹیوں کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے، عیدالفطر کی چھٹیاں 10سے 15مئی تک ہوں گی، وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد وزارت داخلہ نے عیدالفطر کی چھٹیوں کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے، نوٹی فکیشن کے تحت عیدالفطر کی چھٹیاں 10مئی بروز پیرسے 15مئی بروز ہفتے تک ہوں گی۔ وفاقی وزارت داخلہ نے 30 اپریل کوعیدالفطرکی چھٹیوں کی سمری وزیراعظم کو ارسال کی تھی ، سمری میں 8 سے 16مئی تک چھٹیوں سفارش کی گئی تھی، تاہم وزیراعظم عمران خان نے 10مئی بروز پیرسے 15مئی بروز ہفتے تک عیدالفطر کی چھٹیوں کی منظوری دی ہے ، عید الفطر کی ایک ہفتے کی تعطیلات کی جائیں گی۔

علاوہ ازیں عید ہی کے حوالے سے 28 اپریل کو این سی اوسی نے 8 مئی تا 16مئی’’گھر رہو محفوظ رہو‘‘ کی گائیڈ لائنز بھی جاری کی تھیں، جس کے تحت 8 سے16 مئی تک چاند رات بازاروں، مہندی، جیولری، کپڑوں کے اسٹالز پرپابندی ہو گی، تفریحی مقامات، پبلک پارکس، شاپنگ مالز بند رہیں گے ، تفریحی مقامات اوران کے گرد موجود ہوٹل بھی بند رہیں گے ، نجی گاڑیوں، رکشوں، ٹیکسیوں کو50 فیصد سواریوں کے ساتھ اجازت ہوگی ، بین الصوبائی، انٹر اور انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی ہوگی ، 7 مئی تک اضافی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔