مجلس وحدت مسلمین کا سندھ بھر میں جمعتہ الوداع یکجہتی فلسطین اور یوم القدس منانے کا اعلان کردیا

جمعتہ الوداع کو عالمی یوم القدس کے موقع پر سندھ بھر میں یکجہتی فلسطین و یوم القدس کے حوالے سے احتجاج کئے جائینگے،علامہ باقر عباس زیدی

جمعرات 6 مئی 2021 23:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2021ء) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی و دیگر رہنمائوں نے پریس کلب میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ القدس مسلم امہ کے اتحاد کا مظہر ہے۔پوری امت کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔مسئلہ فلسطین تاریخ کے سنگین دور سے گذر رہا ہے۔ دنیا میں پھیلی کورونا وبا کے باعث جہاں کئی ایک اور مسائل نے جنم لیا ہے وہاں مسئلہ فلسطین کو بھی پس پشٹ ڈال دینے کی ہر ممکنہ کوشش کی جا رہی ہے۔

پہلے کی نسبت آج فلسطین کازکے خلاف اندرونی بیرونی دشمن سرگرم ہو چکے ہیں۔ امریکہ اسرائیل، ہندوستان اور ان کے دوست پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف عمل ہیں۔کشمیر میں مظلوم عوام انصاف کی راہ تک رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ماہ رمضان المبارک میں ہر سال آخری جمعہ کو اسلامی انقلاب کے بانی حضرت امام خمینی کے فرمان کے مطابق دنیا بھر میں یوم القدس منایا جاتا ہے۔

یوم القدس ایک ایسا تاریخی موقع ہے کہ جو نہ صرف فلسطینی مظلوم عوام سے مناسبت رکھتا ہے بلکہ دنیا کی تمام مظلوم اقوام کے حق کی بات کرتا ہے۔ اس عنوان سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے ملک بھر میں یکجہتی فلسطین اور عالمی یوم القدس کی مناسبت سے پروگرامات منعقد کئے جاتے ہیں ایم ڈبلیو ایم سندھ کی جانب سے جمعتہ الوداع یکجہتی فلسطین اور یوم القدس کے حوالے سے سندھ بھر میں جمعہ اجتماعات کے بعد احتجاجی مظاہرے و ریلیاں نکالی جائیں گی شہر قائد میں مرکزی احتجاجی مظاہرہ جامع مسجد نور ایمان ناظم اباد کے باہر منعقد کیا جائے گا۔

رہنماوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے عزاداروں کے خلاف متعصبانہ کاروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت ہوش کے ناخن لے اور عزاداروں کے خلاف متعصبانہ کاروائیوں کو فی الفور بند کیا جائے اور گرفتار افراد کو رہا کیا جائے۔واضح رہے کہ مجلس وحدت کی جانب سے اس بار عالمی یوم القدس کے دن اپنے پر امن احتجاج کے موضوعات میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے والے عناصر کے خلاف رائے عامہ ہموار کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت جمع الوداع یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے وفاقی حکومت مسئلہ فلسطین سے متعلق حالیہ صورتحال اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات بنانے والے ممالک سے متعلق اہم امور کی طرف توجہ دے۔ملکی عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ کورونا ایس او پیز کو فالو کرتے ہوئے یکجہتی فلسطین کے تمام اجتماعات بالخصوص یوم القدس کے اجتماعات میں شریک ہوں۔ میڈیا مالکان سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ مسئلہ فلسطین کو بنیادی ترجیحات میں شامل کیا جائے اور اس عنوان سے خصوصی نشریات کا آغاز کیا جائے۔