کوئٹہ میں ایگل اسکواڈ پولیس کے اہلکاروں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ،ساتھی زخمی

پولیس نے مقدمہ درج کرکے چار اہلکاروں کو گرفتار کرلیا،جاں بحق نوجوان سپرد خاک، سیاسی ،سماجی ، قبائلی رہنمائوں کی واقعہ کی مذمت وزیراعلیٰ بلوچستان ، اسپیکر بلوچستان اسمبلی اور وزیرداخلہ کا واقعہ کا نوٹس ، تحقیقات کا حکم دیدیا

جمعرات 6 مئی 2021 23:47

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2021ء) کوئٹہ میں ایگل پولیس کے اسکواڈ اہلکاروں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ساتھی زخمی پولیس نے مقدمہ درج کرکے چار اہلکاروں کو گرفتار کرلیا، وزیراعلیٰ بلوچستان ، اسپیکر بلوچستان اسمبلی اور وزیرداخلہ نے واقعہ کا نوٹس لیکر تحقیقات کا حکم دے دیا، فائرنگ سے جاں بحق نوجوان سپرد خاک، سیاسی ،سماجی ، قبائلی رہنمائوں کی واقعہ کی مذمت، تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر پولیس کے ایگل اسکواڈ کے اہلکاروں نے ایک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم نہ رکنے پر پولیس اہلکاروں نے گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں نوجوان فیضان جتک موقع پر جاں بحق جبکہ اسکا ساتھی شہزاد زخمی ہوگیا واقعہ کی اطلاع ملنے پر مقتول کے ورثاء بڑی تعداد ہسپتال پہنچ گئی ورثاء کا مطالبہ تھا کہ ایگل اسکواڈ کے اہلکاروں نے گاڑی روکنے کے بعد ان پر فائرنگ کی جب تک ملوث اہلکاروں کو گرفتار نہیں کیا جائے گا ہمارا احتجاج جاری رہے گا بعدازاں واقعہ کا مقدمہ زخمی شہزاد کی مدعیت میں قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت سریاب روڈ تھانہ میں درج کرکے چار اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ بلو چستان جام کما ل خان نے سریاب روڈ پر مبینہ طور پر پولیس کی فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت کے واقعہ کی تحقیقات کرانے کا حکم دے دیا۔ وزیر اعلیٰ بلو چستان جام کما ل خان نے ہد ایت کر تے ہو ئے کہا کہ واقعہ کی ہرپہلو سے تحقیقات کی جائیں فائرنگ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف انکوائری رپورٹ کی روشنی میں فوری کارروائی کی جائے گی انہوں نے کہاکہ واقعہ قابل مذمت اور ناقابل برداشت ہے کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیںگے واقعہ میں ملوث اہلکاروں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے انہوں نے کہاکہ لاقانونیت کسی صورت برداشت نہیں کر سکتے متاثرہ خاندان کے ساتھ مکمل انصاف کیا جائے گاوزیر اعلیٰ بلو چستان جام کما ل خان نے جاں بحق نوجوان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکر تے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعاہے۔

اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو نے بھی سریاب روڈ پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس بلوچستان کو مراسلہ ارسال کردیا انہوں نے واقعہ کے اصل محرکات اور ملوث افراد کا تعین کرنے اور رپورٹ اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروانے کی ہدایت کی ،وزیرداخلہ بلوچستان نے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی اانہوں نے کہا کہ واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جائیں اورملوث افراد کے خلا ف کاروائی عمل میں لائی جائے انہوں نے کہا کہ نوجوان کی ہلاکت پر افسوس ہوا لواحقین سے نا انصافی نہیں ہوگی ، دوسری جانب پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک، مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر جمال شاہ کاکڑ سمیت سیاسی ، سماجی و قبائلی رہنمائوں نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس عوام کی محافظ ہے لیکن پولیس کی غنڈہ گردی کسی صورت قابل قبول نہیں ، قانون کے رکھوالوں ایک بیگناہ نواجون کو شہید کرکے قانون کی دھجیاں بکھیر دی ہیں انہو ں نے مطالبہ کیا کہ آئی جی پولیس واقعہ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کریں اور ملوث ملزمان کو خلاف سخت سے سخت سزا دی جائے۔