چند ہفتوں بعد وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان بے روزگار ہونے والے ہیں ،حاجی علی مدد جتک

وزیراعلیٰ کا نام کما ل ہے جبکہ انکی حکومت بے کمال ہے جس نے بلوچستان کی ترقی کا پہیہ جام کردیا ہے ،صدرپاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان

جمعرات 6 مئی 2021 23:47

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ چند ہفتوں بعد وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان بے روزگار ہونے والے ہیں وزیراعلیٰ کا نام کما ل ہے جبکہ انکی حکومت بے کمال ہے جس نے بلوچستان کی ترقی کا پہیہ جام کردیا ہے جلد ہی عوام کو موجودہ حکومت سے چھٹکارا ملنے والا ہے عوام انتظار کریں انہیں جلد ہی بڑی خبر ملے گی ،بد امنی، بے روزگاری نے عوام کا جینا محال کردیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے یہا ں جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ 2018کے انتخابات میں زبردستی ایک جماعت کو دیگر تمام سیاسی جماعتوں کا مینڈیٹ چھین کر صوبے پر مسلط کیا گیا ماضی کی طرح یہ تجربہ بھی بری طرح ناکام رہا اور اب تین سال ہونے کو ہیں صوبے میں کسی بھی قسم کے ترقیاتی کام ہوتے نظر نہیں آرہے، بد امنی، معاشی و معاشرتی بدحالی، بے روزگاری ،احساس محرومی اپنے عروج پر ہیں حکومت اپنی رٹ مکمل طور پر کھوچکی ہے اور اب سلیکٹرز کو بھی احساس ہورہا ہے کہ انکی سلیکشن میں غلطی ہوئی اور جنہیں وزیراعلیٰ کے منصب پر فائض کیا گیا وہ نہ تو ڈیلور کر سکتے ہیں اور نہ ہی حکومت چلانے کے قابل ہیں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا اپنے ہی وزراء کے خلاف انتقامی کاروائی کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ حکومت چل نہیں پا رہی اور اسے صرف دھکے دے دے کر اس نہج تک لایا گیا انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں لیکن حکومت کو صرف اور صرف ٹوئٹر ، سوشل میڈیا پر اپنی کارکردگی اور تعریفیں دیکھانے کا شوق ہے نہ کوئی وزیراور نہ ہی وزیراعلیٰ عوام میں جانے کو تیار ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ انہوں نے ایسا کچھ نہیں کیا کہ وہ عوام کا سامنا کرسکیں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ جام کمال خان چند ہفتوں کے مہمان ہیں اور جلد ہی وہ بے روزگار ہونے والے ہیں بلوچستان کی جام اور بے کمال حکومت سے عوام کو جلد ہی چھٹکارا ملنے والا ہے انہوں نے کہا کہ آج بھی بلوچستا ن کے لوگو پیپلز پارٹی کادور یاد کرتے ہیں کہ جب نہ صرف صدر آصف علی زرداری نے عوام سے معافی مانگی بلکہ انکے زخموں پر ملہم رکھا اور بلوچستان کے لئے خصوصی پیکج دیا جس سے ہزاروں لوگوں کو روزگار ملا، ترقی کے منصوبے شروع ہوئے انہوں نے کہاکہ آنے والا دور پیپلز پارٹی کا ہوگا اور بلوچستان ایک بار پھر ترقی کریگا