افغان طالبان نے افغانستان کے دوسرے بڑے ڈیم پر قبضہ کر لیا

طالبان نے قندھار میں جاری کئی ماہ کی لڑائی کے بعد کامیابی حاصل کی، داہلہ ڈیم صوبائی دارالحکومت کو پینے کا پانی فراہم کرتا ہے

muhammad ali محمد علی جمعہ 7 مئی 2021 00:29

افغان طالبان نے افغانستان کے دوسرے بڑے ڈیم پر قبضہ کر لیا
قندھار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مئی2021ء) افغان طالبان نے افغانستان کے دوسرے بڑے ڈیم پر قبضہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان سے امریکی فوج کے انخلاء کے آغاز کے بعد افغان طالبان نے حالیہ کچھ عرصے کے دوران اپنی سب سے بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق افغان طالبان نے قندھار میں کئی ماہ سے جاری لڑائی کے بعد فتح حاصل کر لی ہے۔

لڑائی کے نتیجے میں افغان طالبان نے ملک کے دوسرے بڑے ڈیم پر قبضہ کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ افغان صوبہ ہلمند میں امریکی فوج کے انخلاء کے فوری بعد افغان طالبان ڈیم پر قبضہ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ افغان حکومت کے ذرائع نے بھی افغان طالبان کی اس کامیابی کی تصدیق کی ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ داہلہ ڈیم افغانستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

ڈیم سے ناصرف کاشت کاروں کو نہروں کے نیٹ ورک کے ذریعے پانی فراہم کیا جاتا ہے، بلکہ صوبائی دارالحکومت کے پانی کی ضروریات بھی اسی ڈیم سے پوری کی جاتی ہیں۔ حال ہی میں اس ڈیم کی توسیع کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک نے کروڑوں ڈالرز گرانٹ کی منظوری دی تھی۔ واضع رہے کہ امریکا اور اتحادی نیٹو فورسز نے رواں سال11ستمبر تک اپنی افواج کے مکمل انخلا کا اعلان کردیا ہے جس سے دو دہائیوں سے جاری امریکی تاریخ کی سب سے طویل جنگ اب اختتام کو پہنچنے کے امکانات پید اہو گئے ہیں۔

اس نئے منصوبے کے تحت2ہزار 500امریکی اور7ہزار نیٹو اتحاد کے فوجی بتدریج افغانستان سے نکلیں گے۔ اس منصوبہ پر عمل درآمد کیلئے طے شدہ تاریخ کایکم مئی سے آغازہو چکا ہے۔یہ فوجی انخلا 11ستمبر2021کو اختتام پذیر ہوگا، جو ستمبر 2001میں امریکا میں ہونے والے حملے کی20ویں برسی کا روز ہوگا جس کی وجہ سے افغانستان میں امریکا نے جنگ کا آغاز کیا تھا۔ جبکہ دوسری جانب امریکا کے صدرجوبائیڈن نے افغان قیام امن میں پاکستانی کاوشوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کے خاتمے اورامن معاہدے میں پاکستان کا اہم کردار ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صحافیوں سے بات چیت کر تے ہوے جوبائیڈن نے کہا کہ مستقبل میں بھی پاکستان کا کرداراہم رہیگا۔