نیپال میں کورونا کیسز انڈیا کا ریکارڈ بھی توڑنے لگے،مریضوں کی تعداد میں 1200فیصد اضافہ ہو گیا

بھارت کے ملحق شہر میں درجنوں میڈیکل اسٹاف کورونا وائرس کی لپیٹ میں آ گیا،اسپتالوں میں بیڈز ختم ہو گئے

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 7 مئی 2021 08:08

نیپال میں کورونا کیسز انڈیا کا ریکارڈ بھی توڑنے لگے،مریضوں کی تعداد ..
نیپال (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7 مئی 2021ء ) بیڈز ختم،اسپتال کورونا کے مریضوں سے بھر گئے اور اسپتال کے میڈیکل آفیسرز درجنوں کی تعدا دمیں کوڈ 19کا شکار ہونے لگے ہیں۔اموات کی شرح میں بے پناہ اضافہ ہو گیااور یکدم کورونا مریضوں کے کیسز میں 1200فیصد اضافہ نوٹ کیا گیا۔یہ حالات انڈیا کے نہیں بلکہ انڈیا کے ہمسایہ نیپال کے ہیں جہاں پر کورونا کی انڈین قسم نے پنجے گاڑ لیے ہیں اور سی این این کی ایک رپورٹ کے مطابق آنے والے چند دنوں میں نیپال کے حالات انڈیا سے بھی بدتر ہو جائیں گے اور وہاں کے مریضوں کی شرح انڈیا کے مریضوں سے بھی بڑھ جائے گی اور اگر کورونا کیسز اسی رفتار کے ساتھ بڑھتے چلے گئے تو نیپال میں صحت کے محکمہ میں بحران آ جائے گا۔

اب تک میڈیا میں ہمسایہ ملک بھارت میں صحت کے دگرگوں حالات کی خبریں تواتر سے آ رہی تھیں جبکہ اب نیپال بھی ساتھ میں شامل ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ بھارت میں ایک روز میں سب سے زیادہ کورونا کیسز کا نیا ریکارڈ بن گیا ہے۔ غٖیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت میں 15 روز کے دوران دوسری مرتبہ 4 لاکھ سے زائد کورونا کیسز سامنے آئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت میں 4 لاکھ 6 ہزار 628 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

30 اپریل کو کورونا کے 4 لاکھ 2 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے تھے، بھارت میں ایک روز کے دوران سب سے زیادہ 3800 سے زائد افراد کورونا وائرس سے دم توڑ گئے۔بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 کروڑ 10 لاکھ سے بڑھ گئی ہے جب کہ 2 لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد کورونا کی وجہ سے دم توڑ چکے ہیں۔بھارت میں عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر کی شدت نے جہاں وہاں کی عوام کو اپنے لپیٹ میں لیا ہوا ہے وہیں اس وبا سے پیدا ہونے والے بحران کے باعث ڈاکٹرز خود کشیاں کرنے لگے ہیں۔