غلط پارکنگ سے گاڑی ہٹانے کا کیوں کہا؟شہری نے ٹریف وارڈن پر مکوں کی برسات کر دی

بااثر شہری کے خلاف کسی بھی قسم کی کوئی کارروائی بھی نہ ہو سکی

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 7 مئی 2021 08:10

غلط پارکنگ سے گاڑی ہٹانے کا کیوں کہا؟شہری نے ٹریف وارڈن پر مکوں کی برسات ..
 لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7 مئی 2021ء ) کاہنہ میں بااثر شہری نے ٹریفک وارڈن پر تشددکر دیا۔ غلط پارکنگ سے منع کرنے پر شہری طیش میں آ گیا۔عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے خوفناک رحجان کی وجہ سے لاہور سمیت صوبہ بھر میں تشدد، قتل وغارت جیسے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے، ایسے معلوم ہوتا ہے جیسے افراد کی اکثریت کی قوت برداشت ختم ہوچکی ہے اور رواداری جیسی اعلیٰ صفت معاشرے سے ختم ہوچکی ہے۔

لاہورکے علاقے کاہنہ میں افسوس ناک واقع پیش آیا جہاں غلط پارکنگ سے منع کرنے پر شہری نے وارڈن پر بہیمانہ تشدد کردیا، واقعہ کی فوٹیج منظرعام پر آ گئی۔شہری احسن نے گالم گلوچ کے بعد وارڈن مرتضیٰ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔کار سوار شہری کو ٹریفک وارڈن کا گریباں پکڑتے اور تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

تشدد کے دوران ٹریفک وارڈن کی شرٹ پھٹ گئی اور زخمی بھی ہو گیا۔

ڈیوٹی پر مامور دیگر وارڈنز نے شہری کو پکڑ کر کاہنہ پولیس کے حوالے کردیا جبکہ ایک روز بعد بھی ملزم کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی جا سکی۔واضح رہے گزشتہ روز بھی ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جہاں برکی میں ماسک تقسیم کرنے کے دوران ویڈیو بنانے پر پولیس اہلکاروں اور مقامی افراد میں جھگڑا ہو گیا، جس پر شہریوں نے تلخ کلامی کے بعد چوکی انچارج اور اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بناڈالاتھا۔

واقعہ پر ڈی آئی جی آپریشنز کے نوٹس لینے پر برکی پولیس نے اہلکاروں پر تشدد کرنیوالے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے اپنی مدعیت میں ملزم عمار، شارق، حاجی سخاوت سمیت 16 ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔گرفتار ملزمان میں عمار، شارق، عبدالرحیم اور وقاص شامل ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔