وزیراعظم عمران خان آج تین روزہ سرکاری دورہ پر سعودی عرب روانہ ہوں گے

پاکستانی کارکنوں کے لئے روزگار کے مواقع اور معیشت تجارت سمیت تمام شعبوں پر مشاورت ہو گی

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 7 مئی 2021 08:12

وزیراعظم عمران خان آج تین روزہ سرکاری دورہ پر سعودی عرب روانہ ہوں گے
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7 مئی 2021ء )  وزیراعظم عمران خان آج سے تین روزہ سرکاری دورہ پر سعودی عرب جائیں گے۔ وہ یہ دورہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلیمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر کر رہے ہیں۔وزیر خارجہ اور کابینہ کے دیگر ارکان سمیت اعلیٰ سطح کا ایک وفد وزیراعظم کے ہمراہ ہوگا۔ دورے کے دوران وزیراعظم سعودی قیادت سے معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، پاکستانی کارکنوں کے لئے روزگار کے مواقع اور سعودی عرب میں پاکستانی برادری کی فلاح وبہبود سمیت دو طرفہ تعاون کے تمام شعبوں پر مشاورت کریں گے۔

دونوں فریقین باہمی مفادات کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ دورے کے دوران کئی دو طرفہ معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخطوں کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف Al-Othaimeen، ورلڈ مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل محمد بن عبدالکریم العیسیٰ اور مکہ مدینہ میں حرمین الشریفین کے اماموں سے بھی ملاقات کریں گے۔

وہ جدہ میں پاکستانی برادری سے بھی بات چیت کریں گے۔ آج ایک بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ اور تاریخی دوستانہ تعلقات ہیں جن کی جڑیں مشترکہ مذہب، تاریخ اور باہمی اعتماد پر قائم ہیں۔سعودی عرب جموں وکشمیر کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ کا رکن ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اعلیٰ سطح پر دو طرفہ دوروں کا تسلسل برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیراعظم کے اس دورہ سے متعلق سینئر صحافی طاہر ملک یہ خبر دے چکے ہیں کہ وہ سعودی عرب سے قرضہ لینے کے لیے جا رہے ہیں کیونکہ اس وقت پاکستان کی معیشت بیٹھ چکی ہوئی ہے اور سسٹم کو چلانے کے لیے پیسوں کی ضرورت ہے کیونکہ ایک خبرکے مطابق آمدہ بجٹ کے بعد حکومت پاکستان کے پاس سرکاری ملازمین کی تنخواہ ادا کرنے کے لیے بھی پیسے نہیں ہیں۔