فلسطینی عوام کی حق خود ارادیت سے متعلق اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں

اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کا دو ریاستی حل ضروری ہے،دفتر خارجہ

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 7 مئی 2021 08:14

فلسطینی عوام کی حق خود ارادیت سے متعلق اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7 مئی 2021ء )  ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان فلسطینی عوام کی حق خود ارادیت سے متعلق اپنے اصولی موقف پر قائم ہے۔منصفانہ اور پائیدار امن کیلئے مسئلہ فلسطین کا یو این اور او آئی سی قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل ناگزیر ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لئے 1967ء سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ اور اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کا دو ریاستی حل ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، فلسطینی عوام کو ان کے ناگزیر حقوق کے حصول اور آزاد ریاست کے قیام کے لئے جدوجہد میں اپنی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی فلسطین پالیسی اس حقیقت پر مبنی ہے کیونکہ یہ مسلم دنیا کا ایک اہم ترین مسئلہ ہے جس کی وجہ سے اسلامی تعاون تنظیم کی تشکیل ہوئی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ مسئلہ انسانی حقوق کے نقطہ نظر سے بھی اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی مسلسل پامالیوں پر گہری تشویش ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ مقبوضہ علاقوں میں لوگوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا ہے، خواہ وہ فلسطین، کشمیر یا کوئی اور ہو۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی مشیر شیریں مزاری اس حوالے سے بات کر چکی ہیں کہ حکومت پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے کافی دباؤ ڈالنے کی کوشش کی گئی مگر حکومت پاکستان نے دوٹوک موقف اپنایا ہوا ہے کہ جب تک فلسطین کو اس کا حق نہیں مل جاتااور اس کے ناجائز قبضہ کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہو جاتا تب تک پاکستان اسرائیل کے وجود کو ہرگز تسلیم نہیں کرے گا۔