Live Updates

عمران خان غلطیاں کرتے ہیں،ان کا اعتراف کرتے ہیں اور پھر وہی غلطیاں دوہراتے ہیں،وزیراعظم کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے

پہلے ہماری بات مان لی جاتی تو آج معیشت کی یہ حالت نہ ہوتی،بلاول بھٹو

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 7 مئی 2021 08:16

عمران خان غلطیاں کرتے ہیں،ان کا اعتراف کرتے ہیں اور پھر وہی غلطیاں ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7 مئی 2021ء )  شوکت ترین نے آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے جو کچھ میڈیا میں کہا ہے وہ درست ہے یا نہیں یہ الگ بحث ہے مگر اس بیان کے بعد سے اپوزیشن کو حکومت کو آڑے ہاتھوں لینے میں ضرور آسانی ہو گئی ہے۔لہٰذا اسی بیان کی روشنی میں تنقید کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف ڈیل پر نظر ثانی کے بجائے پہلے ہماری بات مان لیتے تو آج معیشت یوں تباہ نہ ہوتی، پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف ڈیل میں اپنی غلطی کو تسلیم کرنا کافی نہیں، عمران خان کو قوم سے معافی مانگنا ہوگی۔

پیپلز پارٹی میڈیا سیل کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ملک میں ہونے والی مہنگائی کی وجہ عمران خان کے غلط فیصلے ہیں، وزیراعظم کسی اور کو قربانی کا بکرا بنا کر خود نہیں بچ سکتے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ آئی ایم ایف سے غلط ڈیل کا اعتراف اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان کے پاس ایک اہل حکمران والی سمجھ بوجھ بالکل نہیں، پہلے آئی ایم ایف سے معاہدے سے گریز کا دفاع کیا، پھر تاخیر سے معاہدہ کرکے غلط ڈیل کا دفاع کیا اور اب اس سے بھی پی ٹی آئی نے یوٹرن لے لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان غلطیاں کرتے ہیں، غلطیوں کا اعتراف کرتے ہیں اور پھر وہی غلطیاں دہراتے ہیں۔ ہم عمران خان کے آئی ایم ایف کی ہدایت پر عوام سے 1200 ارب روپے کے مزید ٹیکس وصول کرنے کے ہتھکنڈے کو ناکام بنائیں گے۔پی پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی، گیس اور پیٹرول مہنگا کرنے کے بعد عمران خان کہتے ہیں کہ وہ اپنے فیصلوں میں آزاد ہیں۔ ہم آئی ایم ایف کے تنخواہ دار ملازموں کو پاکستان کے عوام کے فیصلے نہیں کرنے دیں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ لادنا دراصل ملکی وقار پر سمجھوتہ ہے، آئی ایم ایف کی ہدایت پر عمران خان نے روپے کی قدر گرا کر بدترین فیصلہ کیا جس کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات