کورونا کی تیسری لہر، ملائشیا نے پاکستان پر سفری پابندی عائد کردی

پابندی کا اطلاق ہفتہ 8 مئی سے تاحکم ثانی رہے گا ، پاکستان سے ملائشیا جانے والے مسافروں کاداخلہ روک دیا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 7 مئی 2021 10:20

کورونا کی تیسری لہر، ملائشیا نے پاکستان پر سفری پابندی عائد کردی
کوالالمپور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 مئی 2021ء ) عالمی وباء کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت کے باعث ملائشیا نے پاکستان پر سفری پابندی عائد کردی۔ تفصیلات کے مطابق ملائشین ڈی جی ایمیگریشن نے پی آئی اے کو پابندی سے آگاہ کردیا اور اس سلسلے میں نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ پابندی کا اطلاق کل ہفتہ 8 مئی سے تاحکم ثانی رہے گا ، جس کے تحت پاکستان سے ملائشیا جانے والے مسافروں کا داخلہ روک دیا جائے گا جب کہ سفارتی اہلکاروں کو ملائشیا میں 14دن قرنطینہ رہنے کے بعد جانے کی اجازت ہوگی۔

علاوہ ازیں واضح رہے کہ آج ایران نے بھی پاکستانی شہریوں پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں اور اس حوالے سے ایران حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جار ی کر دیا ہے ، متحدہ عرب امارات نے بھی پاکستان میں کورونا کیسز بڑھنے کی وجہ سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ، پاکستانی شہریوں پر سفری پابندیاں عائد کر رکھی ہیں جب کہ پاکستان میں کورونا کیسز میں اضافے کو مدِنظر رکھتے ہوئے قطر نے بھی پاکستان پر سفری پابندی عائد کر دی ہے ، قطر ائیرلائن کے مطابق بھارت، بنگلادیش، نیپال، سری لنکا اور فلپائن کے شہریوں کے بھی قطر داخلے پرپابندی ہوگی ، قطرحکومت نے پاکستان سمیت 6 ملکوں کے شہریوں کے داخلے پرپابندی کورونا کے باعث لگائی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے نیا سفری ہدایت نا مہ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت تمام مسافروں کا 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ لازمی کردیا گیا، ایئرپورٹس پرمسافروں کا ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ ہوگا، مسافر اپنے خرچ پر قرنطینہ میں رہیں گے ، نئے حکمانہ کے تحت بیرون ملک ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ کی رپورٹ 20 منٹ کے اندر حاصل ہوگی ، ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے پر مسافر کو اپنے خرچے پر قرنطینہ کیا جائے گا ، 8 دن بعد دوبارہ ٹیسٹ ہوگا منفی آنے پر گھر جانے کی اجازت ہوگی۔

بتایا گیا ہے کہ نئی ٹریول ایڈوائزری این سی او سی کے فیصلوں کے تناظر میں جاری کی گئی۔ کیٹگری سی ممالک سے مسافروں کی آمد پر سفری پابندیاں 5 مئی سے تاحکم ثانی نافذالعمل رہیں گی ، اسی طرح کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظرسی اےاے کیٹگری اے اور بی ختم کردی گئی ہے تاہم سی کیٹگری ممالک سے آمد کی اجازت این سی او سی کے این او سی سے مشروط قرار دیا گیا ہے ، کیٹگری سی میں جنوبی افریقہ، برازیل، زمبابوے اور بھارت سمیت 23 ممالک شامل ہوں گے۔