کورونا وائرس ایک دن میں مزید 140 جانیں لے گیا

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 4 ہزار 298 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ، این سی او سی

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 7 مئی 2021 10:45

کورونا وائرس ایک دن میں مزید 140 جانیں لے گیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 مئی 2021ء ) پاکستان مین عالمی وباء کورونا وائرس کے باعث ایک دن میں مزید 140 افراد جاں بحق ہوگئے ، جس کے بعد اب اس وباء سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 18 ہزار 677 ہوچکی ہے ، جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44 ہزار 846 کورونا ٹیسٹ کیے گئے اس دوران ملک بھر میں مزید 4 ہزار 298 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ، اس طرح پاکستان میں کورونا وباء کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 850,131 ہوگئی ہے ، اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد83 ہزار 699 ہے جن میں سے 5 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اب تک صوبہ سندھ میں 2 لاکھ 89 ہزار 646 کورونا مریض رپورٹ ہوچکے ہیں ، صوبہ پنجاب میں یہ تعداد 3 لاکھ 14 ہزار 517 بتائی گئی ہے ، جب کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 22 ہزار 520 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوچکی ہے ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 77 ہزار 414 کورونا مریض رپورٹ ہوئے ، صوبہ بلوچستان میں کورونا مریضوں کی تعداد 23 ہزار 016 بتائی گئی جب کہ آزاد کشمیر میں 17 ہزار 660 اور گلگت بلتستان میں اب تک 5 ہزار 358 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 140 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں اس کے ساتھ ہی اس وباء سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 18 ہزار 677 ہوچکی ہے ، جب کہ کورونا کے سبب پاکستان میں سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں ہوئیں جہاں اب تک 8 ہزار 891 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ، صوبہ سندھ میں یہ تعداد 4 ہزار 698 ہے ، صوبہ خیبرپختونخوا میں 3 ہزار 537 اور صوبہ بلوچستان میں 243 افراد کورونا سے انتقال کرگئے ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 702 مریض کورونا سے جاں بحق ہوئے جب کہ گلگت بلتستان میں 107 اور آزاد کشمیر میں 499 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔