کم کارڈیشین پر چوری شدہ نایاب رومی مجسمہ خریدنے کا الزام

کبھی کوئی ایسا چوری شدہ مجسمہ نہیں خریدا‘کم کارڈیشین نے الزامات کو مسترد کردیا

جمعہ 7 مئی 2021 12:11

کم کارڈیشین پر چوری شدہ نایاب رومی مجسمہ خریدنے کا الزام
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2021ء) دنیا کی امیر ترین ٹی وی اسٹارز میں شمار ہونے والی امریکی ریئلٹی اسٹار کم کارڈیشین کے خلاف حکام نے چوری شدہ نایاب رومی مجسمہ خریدنے کے الزام میں قانونی کارروائی کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق امریکی حکام کی جانب سے ریاست کیلی فورنیا کی عدالت میں جمع کرائے گئے دستاویزات میں کم کارڈیشین پر یورپی ملک اٹلی سے چوری ہونے والے نایاب مجسمے کو خریدنے کا الزام لگایا گیا ہے۔

عدالت میں جمع کرائے گئے دستاویزات میں کہا گیا کہ امریکی کسٹم حکام کی جانب سے 2016 میں لاس اینجلس کے ساحل پر پکڑے گئے چوری شدہ نایاب مجسموں میں وہ مجسمہ بھی شامل تھا، جسے کم کارڈیشین نے خریدا تھا۔

(جاری ہے)

دستاویزات میں دعویٰ کیا گیا کہ کم کارڈیشین نے پہلی اور دوسری قبل مسیح صدی کے بنے ہوئے نایاب مجسمے کو اپنے ایک آرٹ ملازم کے ذریعے خریدا تھا مگر ریئلٹی اسٹار کو مجسمے کی منتقلی کے دوران ہی اسے تحویل میں لے لیا گیا۔

عدالتی دستاویزات میں استدعا کی گئی ہے کہ کم کارڈیشین کو حکم دیا جائے کہ وہ چوری شدہ نایاب مجسمے کو خریدنے پر معافی مانگے۔تاہم دوسری جانب سے کم کارڈیشین کے ترجمان نے چوری شدہ نایاب مجسمے کو خریدنے کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداکارہ نے کبھی کوئی ایسا چوری شدہ مجسمہ نہیں خریدا۔کم کارڈیشین کے ترجمان کے مطابق عین ممکن ہے کہ کسی دوسرے شخص نے نایاب چوری شدہ مجسمہ خریدنے کے لیے اداکارہ کا نام استعمال کیا ہو تاہم حقیقت یہ ہے کہ ریئلٹی اسٹار نے نہ مجسمہ خریدا اور نہ ہی اسے کبھی وہ ملا۔

متعلقہ عنوان :