جنوبی ایشیائی ممالک میں کورونا کی بے قابو ہوتی صورتحال پر ریڈ کراس نے وارننگ جاری کر دی

انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس کے ڈائریکٹر نے بے قابو ہوتی کورونا وبا کو انسانی تباہی قرار دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 7 مئی 2021 11:41

جنوبی ایشیائی ممالک میں کورونا کی بے قابو ہوتی صورتحال پر ریڈ کراس ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 مئی 2021ء) : جنوبی ایشیائی ممالک میں کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر ریڈ کراس نے وارننگ جاری کر دی۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس کے ڈائریکٹر نے جنوبی ایشیائی ممالک میں قابو سے باہر ہوتی کورونا وبا کو انسانی تباہی قرار دے دیا۔ ریڈ کراس کے ڈائریکٹر نے کہا کہ جنوبی ایشیائی ممالک پاکستان، سری لنکا، بنگلا دیش اور نیپال میں کورونا مریضوں اور اموات کی شرح میں اضافہ ہوگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ متاثرین اور اموات کی تعداد رپورٹ ہونے والی تعداد سے کہیں زیادہ ہے ، ہمیں اس انسانی تباہی روکنے کے لیے فوری اقدامات کرنے ہوں گے ۔ ریڈ کراس کے ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ ان ممالک میں صرف ایک فیصد افراد کو کورونا ویکسین لگائی جا سکی ہے جب کہ بھارت میں یہ شرح 2 فیصد ہے، اس حوالے سے فوری اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ بڑے پیمانے پر انسانی تباہی کو روکا جا سکے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ جنوبی ایشیائی ممالک میں کورونا کی صورتحال دن بدن مزید بگڑتی جا رہی ہے ، جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ بھارت کورونا وائرس سے متاثر ہوا ہے۔ بھارت میں کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے جس کے نتیجے میں اموات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کورونا کیسز کی تعداد میں دن بدن ہوشربا اضافہ ہو رہا ہے۔بھارت میں 15 روز کے دوران دوسری مرتبہ 4 لاکھ سے زائد کورونا کیسز سامنے آئے ۔

قبل ازیں 30 اپریل کو کورونا کے 4 لاکھ 2 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے تھے، بھارت میں ایک روز کے دوران سب سے زیادہ 3800 سے زائد افراد کورونا وائرس سے دم توڑ گئے۔ واضح رہے کہ اس وقت بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 کروڑ 10 لاکھ سے بڑھ گئی ہے جب کہ 2 لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد کورونا کی وجہ سے دم توڑ چکے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی وجہ سے اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس سے 140 افراد جاں بحق ہوگئے،جبکہ کورونا کے 4298 نئے مریض سامنے آئے۔ جس کے بعد اموات کی تعداد 18 ہزار 677 ہوگئی۔ اور پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 50 ہزار 131 ہوگئی۔