آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سعودی ولی عہد سے ملاقات

ملاقات میں خطے کی صورتحال اور دیگر چیلنجز پر غور کیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 7 مئی 2021 12:15

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سعودی ولی عہد سے ملاقات
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 مئی 2021ء) : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ۔ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں خطے کی صورتحال اور دیگر چیلنجز پر غور کیا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دفاعی شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال سمیت خطے کی صورتحال اور چیلنجز پر بھی غور کیا گیا۔

یاد رہے کہ تین روز قبل پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے جہاں انہوں نے سعودی عرب کی سول و فوجی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس اگست میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا جہاں ان کی ہم منصب سے ریاض میں ملاقات ہوئی تھی اور دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

جنرل قمر جاوید باجوہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تناؤ کے خاتمے اور تعلقات کی بحالی کے لیے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں واقع پاکستانی سفارت خانے پہنچے تھے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم عمران خان بھی آج سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کو دورے کی دعوت دی تھی ۔

وزیرخارجہ اور کابینہ کے دیگر وزرا کے علاوہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہو گا۔ تین روزہ دورے کے دوران دوطرفہ تعاون، اقتصادی اور تجارتی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف، ورلڈ مسلم لیگ کے سیکریٹری جنرل محمد بن الکریم العیسیٰ اور حریمین شریفین کے پیش اماموں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے بتایا کہ وزیر اعظم آج شام جدہ پہنچیں گے۔ دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کے ساتھ ساتھ، ایم او یوز پر دستخط بھی کریں گے جبکہ اس موقع پر دونوں اطراف کے وفود کی ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ معاون خصوصی شہباز گل نے بتایا کہ کل وزیراعظم عمران خان مدینہ شریف میں روضہ رسول ﷺ پر حاضری دیں گے اور اتوار کو مکہ میں عمرہ ادا کریں گے۔