سائنسدانوں کو ملکی زراعت و لائیو سٹاک کے لئے نئی جدتیں پیدا کرنے کے بے پناہ مواقع دستیاب ہیں‘وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد

جمعہ 7 مئی 2021 12:48

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2021ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں تعلیم و تحقیق کے لئے جو فضا موجود ہے اس کی وجہ سے سائنسدانوں کو ملکی زراعت و لائیو سٹاک کے لئے نئی جدتیں پیدا کرنے کے بے پناہ مواقع دستیاب ہیں۔ ان باتوں کا اظہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر نے اپنی خدمات کے کامیاب سفر کی تکمیل کے سلسلے میں وی سی سیکرٹریٹ کی جانب سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ محنت کا کوئی نعم البدل نہیں یہی وجہ ہے کہ زندگی میں محنت کا شعار اپنانے والے لوگ قائدانہ کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی طویل خدمات کے دوران انہوں نے ہمیشہ میرٹ اور جہد مسلسل کو اپنا نصب العین رکھا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر آصف تنویر نے کہا کہ انہوں نے آرگینک فارمنگ کے حوالے سے یونیورسٹی میں تحقیق کا ایک منفرد نظام تشکیل دیا ہے جسے آنے والے دنوں میں مزید وسعت دی جا سکے گی۔

پرنسپل آفیسر، ڈاکٹر جاوید اختر نے اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران ڈاکٹر آصف تنویر کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ شائستگی اور خدمت کے اصولوں کو اپنائے رکھا یہی وجہ ہے کہ ان سے اکتساب فیض کرنے والے طلبہ ان کی سرپرستی میں حیرتیں تخلیق کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر آصف تنویر نے عملی شرافت اور وضعداری کو اپنا شعار بنائے رکھا یہی وجہ ہے کہ یونیورسٹی کے اعلیٰ ترین عہدوں پر بھی ان کا رویہ سب کے ساتھ مشفقانہ ہے۔

رجسٹرار طارق محمود گل نے کہا کہ ڈاکٹر آصف تنویر نے ہمیشہ یونیورسٹی کے ملازمین کی بہتری کے لئے ہمدردانہ رویہ اپنائے رکھا یہی وجہ ہے کہ انتظامیہ نے ان کی دی گئی ہدایات کی روشنی میں مرحوم ملازمین کے بچوں اور دیگر غیرمراعات یافتہ طبقات کے لئے آسانیوں کا اہتمام کیا۔ ٹریڑرر عمرسعید قادری نے کہا کہ ڈاکٹر آصف تنویر تعلیم و تحقیق کے ساتھ ساتھ انتظامی معاملات میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں بلند مقام رکھتے ہیں خاص طور پر وہ ذاتی سطح پر ریسرچ جرنلز میں سکالرز کے مضامین کی پروف ریڈنگ جیسا مشکل کام بھی خود کرتے رہے ہیں جس سے ان کی پیشہ وارانہ اپروچ کا اندازہ ہوتا ہے۔

سیکرٹری محمد جمیل نے کہا کہ وائس چانسلر سیکرٹریٹ کو ڈاکٹر آصف تنویر نے ایک ایسا متحرک دفتر کے طور پر پروان چڑھایا ہے جہاں کبھی معاملات زیرالتوا نہیں رکھے جاتے اور لوگوں کے معاملات بروقت میرٹ پر طے کر دیئے جاتے ہیں۔ تقریب میں مہمان خصوصی کو گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :