ایران اپنے غیرحقیقی مطالبات سے دستبردار ہوگا سینئر امریکی محکمہ خارجہ

امریکا اور ایران کے درمیان بدستور خلیج موجود ہے لیکن اگر ایران سنجیدگی ظاہرکرے تو پھر کوئی سمجھوتا طے پاسکتا ہے،گفتگو

جمعہ 7 مئی 2021 13:15

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2021ء) امریکی محکمہ خارجہ کے ایک سینئر عہدیدارنے کہاہے کہ ایرانیوں نے ابھی تک اس بات چیت میں اس امرسے اتفاق نہیں کیا کہ وہ 2015 میں عالمی طاقتوں سے طے شدہ جوہری سمجھوتے کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے کیا اقدامات کریں گی میڈیارپورٹس کے مطابق اس اعلی افسر کے بہ قول اب تک ویانا میں ایران اور امریکا کے درمیان تعمیری بات چیت ہوئی ہے لیکن انھوں نے امریکا کے ان شکوک کا اعادہ کیا کہ آیا اس کو اب بھی ایران کی جانب سے بعض پابندیاں ختم کرنے سے متعلق غیرحقیقی مطالبات کا سامنا ہوگا اور کیا ایرانی جوہری سمجھوتے کی پاسداری سے متعلق غیرحقیقی وعدے ہی کریں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان بدستور خلیج موجود ہے لیکن اگر ایران سنجیدگی ظاہرکرے تو پھر کوئی سمجھوتا طے پاسکتا ہے۔ان سے جب پوچھا گیا کہ کیا ایران میں آیندہ ماہ صدارتی انتخابات سے قبل کسی ڈیل کا امکان ہی اس پر اس عہدہ دار کا کہنا تھا کہ یہ تو وقت ہی بتائے گا کہ کیا ایسی ڈیل ممکن ہے کیونکہ اس ضمن میں ایران میں کوئی سیاسی فیصلہ ہونا چاہیے۔