ایران ،سعودی تعلقات بہتر ی کے لیے جاری مذاکرات کی میزبانی کررہے ہیں،عراق

سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کی بحالی میں بہتری کی امید ہے،مشیر عراقی وزیراعظم کی گفتگو

جمعہ 7 مئی 2021 15:18

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2021ء) عراقی وزیراعظم مصطفی الکاظمی کے مشیر ڈاکٹر حسین علاوی نے بتایاہے کہ عراق، ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے جاری مذاکرات کی میزبانی کررہا ہے، میڈیارپورٹس کے مطابق عراق کے صدر برھم صالح نے بیروت انسٹیٹیوٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا۔

اس حوالے سے عراقی وزیراعظم مصطفی الکاظمی کے مشیر ڈاکٹر حسین علاوی نے بتایا کہ بغداد ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے جاری مذاکرات کی میزبانی کررہا ہے، تاہم انہوں نے اس کی کوئی مزید تفصیل بیان نہیں کی۔عرب ٹی وی کو باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان ٹھوس بات چیت جاری ہے۔

(جاری ہے)

ایران اور سعودی عرب دونوں ہی تیزی کے ساتھ جامع انداز میں مذاکرات کررہے ہیں اور ان مذاکرات کی خطے کی مجموعی صورت حال پر اثرات مرتب ہوں گے۔

خلیج کے ایک سابق سفارت کار نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے ایران کے ساتھ بات چیت کا اشارہ دینے کے بعد اب گیند ایران کے کورٹ میں ہے۔ اب یہ ایران پرمنحصر ہے کہ وہ خطے میں استحکام میں معاونت کرتا ہے یا شمالی کوریا کی طرح مسترد شدہ ملک قرار پاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی شخص اس بات کو نہیں مانتا کہ ایران ہی صرف حق پر ہے۔ تمام ممالک ایران کی پالیسیوںکے ناقد ہیں۔ ایران کے مسائل خلیجی ممالک کے ساتھ نہیں بلکہ تمام عرب ممالک، ایشیائی ، افریقی اور یورپی ملکوں کے ساتھ بھی ایران کے اختلافات ہیں۔