سرمایہ کاری کے نام پر عوام کو لوٹنے کامعاملہ ،آل پاکستان پراجیکٹس نامی کمپنی کا مالک اڈم آمین چوہدری کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

جمعہ 7 مئی 2021 15:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2021ء) سرمایہ کاری کے نام پر عوام کو لوٹنے کا معاملہ،آل پاکستان پراجیکٹس نامی کمپنی کا مالک اڈم آمین چوہدری کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی گئی ۔ جمعہ کو سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ ملزم آدم آمین کے مزید تین بینک اکاونٹس سامنے آئے ہیں، ملزم نے 30 گاڑیاں لیکر اپنے ممبران کو دیں، ملزم نے ڈمی اکاؤنٹس بنا رکھے ہیں، چک شہزاد میں بھی پراپرٹی لے رکھی ہے۔

(جاری ہے)

استدعا کی گئی کہ گاڑیوں کی برآمدگی اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے 14 دن کا ریمانڈ منظور کیا جائے۔ وکیل ملزم عمران شفیق نے کہاکہ نیب پہلے ہی 28 دن کا ریمانڈ لے چکی، کوئی نئی چیز سامنے نہیں آئی۔ انہوںنے کہاکہ بڑی تعداد میں کمپنی کے ممبران آئے ہیں جنھیں کوئی شکایت نہیں۔ وکیل ملزم نے کہاکہ نیب پرانی باتیں دہرا کر ریمانڈ لینا چاہتا ہے جبکہ میرا موکل بیمار ہے، ریمانڈ نہ دیا جائے۔عدالت نے آدم آمین چوہدری کو 21 مئی تک ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا ہے