جاوید لطیف کے خلاف درج اشتعال انگیز تقریر کرنے کے مقدمے کی سماعت

جسمانی ریمانڈ میں مزید تین روز کی توسیع کر دی، سماعت تین روز کیلئے ملتوی کردی گئی

جمعہ 7 مئی 2021 18:40

جاوید لطیف کے خلاف درج اشتعال انگیز تقریر کرنے کے مقدمے کی سماعت
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2021ء) ماڈل ٹائون کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کے خلاف درج اشتعال انگیز تقریر کرنے کے مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے جاوید لطیف کے جسمانی ریمانڈ میں مزید تین روز کی توسیع کر دی ہے، گزشتہ روز سماعت کے دوران مقدمے کے تفتیشی نے عدالت سے جاوید لطیف کے جسمانی ریمانڈ میں پانچ روز کی توسیع کی استدعا کی تھی جسے عدالت نے مسترد کر دیا اور جسمانی ریمانڈ میں تین روز کی توسیع کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت آئندہ تین روز تک کے لئے ملتوی کر دی، دوران سماعت جاوید لطیف نے عدالت کو بتایا کہ وہ باغی نہیں ہیں اگر وہ ملک دشمن ہوتے تو ملک کے درپیش خرابیوں کی نشاندہی نہ کرتے ان کا کہنا تھا کہ مقدمے کا تفتیشی ان سے متعلق من گھڑت باتیں پھیلا رہا ہے۔

(جاری ہے)

جاوید لطیف کی عدالت آمد کے موقع پر عدالت کے اندر اور باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے جس کے باعث عدالت کے باہر فیروز پور روڈ کلمہ چوک پر ماڈل ٹائون کی جانب آنے والی سڑکوں پر ٹریفک بلاک ہو کر رہ گئی۔