سریاب روڈ میں ایگل سکواڈکے ہاتھوں نوجوان فیضان جتک کی ہلاکت

جماعت اسلامی بلوچستان کی شدید مذمت ، غمزدہ خاندان سے ہمددردی کا اظہار

جمعہ 7 مئی 2021 18:44

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2021ء) جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ سریاب روڈ میں ایگل سکواڈکے ہاتھوں نوجوان فیضان جتک کی ہلاکت اور ان کے کزن میرشہزادجتک کو زخمی ہونے کی شدیدالفاظ میں مذمت ،غمزدہ خاندان سے اظہارہمدردی کرتے ہوئے کہاکہ عوام کے تحفظ کے نام پر بننے والی فورسز کا عوام کے جان ومال سے کھیلنا حکومت کی ناکامی ہے اس سے قبل بھی اس قسم کے واقعات رونما ہوئے لیکن حکومت نے بروقت اقدامات نہیں اُٹھائے جس کی وجہ سے اب یہ روزکامعمول بن گیاہے حکومت روائتی تحقیقات کے بجائے مخلصانہ وفوری تحقیقات کرتے ہوئے ملوث مجرموں کو قرارواقعی سزادیں ۔

اس قسم کے واقعات سے حالات مزید خراب ہوسکتے ہیں جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت ان کے فورسزپرعائد ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سیکورٹی فورسزکی مناسب تربیت نہ ہونے کی وجہ سے یہ شریف شہریوں ومعصوم عوام کو کسی خاطر میں نہیں لاتے اپنی فرعونیت کی وجہ سے عوام کی جان وعزت سے کھیلتے ہیں فورسزکی مناسب تربیت ہوتی توعوام اور سیکورٹی ایک دوسرے کے دست وبازواورمحافظ ہوتے ۔

سیکورٹی فورسزعوام کی عزت نفس کا خیال کرتے ہیں نہ ان کو اس ملک کا شہری سمجھتے ہیں فورسزاسلحہ کے زور طاقت کے نشے میں آکر عوام کو ناجائز دھمکاتے اور ان کی بے عزتی کرتے ہیں جس کی وجہ سے عوام میں ان کے خلاف شدید ردعمل پایا جاتاہے حکومت سیکورٹی فورسزوعوام کے درمیان پیداہونے والی نفرت ،دوری وخلیج دور کرنے کیلئے عملی اقدامات اُٹھائے تاکہ حالات خراب ہونے کے بجائے ٹھیک ہوجائے ۔

مناسب ٹریننگ نہ ہونے کی وجہ سے روزمحافظوں اور عوام کے درمیان لڑائی جھگڑے ،تلخ کلامی اور ہاتھا پائی ہوجاتی ہے ۔امن وامان کافقدان اس وقت پیدا ہوتا ہے کہ جب سیکورٹی فورسزعوام کو اپنا نہ سمجھے اوران کی عزت وجان ومال کی حفاظت فرض نہ سمجھیں ۔سیکورٹی فورسزکو یہ بتاناہوگا کہ وکہ عوام کے محافظ اور عوام کے خون پسینے سے ان کو مراعات مل رہی ہے اور عوام بھی سیکورٹی فورسزکو اپنا محافظ سمجھیں اور ان کیساتھ تعاون کریں تاکہ پریشانی ومشکل سے بچاجاسکیں جماعت اسلامی فیضان جتک کے خاندان کیساتھ اورہر قسم کے ظلم وجبر کے خلاف ہے ۔