آئی جی پنجاب کی کسٹمز ٹیموں کو آپریشنز کے دوران ہر ممکن پولیس سپورٹ فراہم کے احکامات

پنجاب کی سطح پر اے آئی جی آپریشنز جبکہ لاہور کی سطح پر ایس ایس پی آپریشنز محکمہ کسٹمزکیلئے فوکل پرسن ہونگے

جمعہ 7 مئی 2021 18:50

آئی جی پنجاب کی کسٹمز ٹیموں کو آپریشنز کے دوران ہر ممکن پولیس سپورٹ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2021ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجا ب انعام غنی نے کہا ہے کہ پولیس اور کسٹمز ٹیموںکے مشترکہ آپریشنز سے صوبہ بھر میں اسمگلنگ کے خاتمہ میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے جبکہ کسی بھی ضلع میں کسٹمز ٹیموں کو اگر آپریشن کے دوران پولیس سپورٹ کی ضرورت ہے تو اسے ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائے تاکہ اسمگلنگ کے مکروہ دھندے میں ملوث سماج دشمن عناصر کے خاتمے میں کوئی کسر باقی نہ رہے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ اسمگلنگ کے خاتمے کیلئے بڑی مچھلیوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے تو چھوٹی مچھلیاں خود ہی بھاگ جائیں گی لہٰذا اسمگلنگ کے مکروہ دھندے میں ملوث مجرمان کے خلاف انفارمیشن شئیرنگ کی بنیاد پرجوائنٹ آپریشنز کئے جائیںتاکہ معاشرے کے ناسور اسمگلروں کو قانون کی گرفت میں لا کھڑا کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے سی سی پی او لاہور اور ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ کو ہدایت کی کہ وہ اسمگلنگ کے خاتمے کیلئے کسٹمز افسران کے ساتھ ماہانہ میٹنگ کریں اوردرج ہونے والے کیسز اور آپریشنز کے بارے کلوز کوارڈی نیشن رکھیں ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز تمام ڈی پی اوز کو کسٹمزٹیموں کوآپریشنز کے دوران ہر ممکن پولیس سپورٹ فراہم کرنے کیلئے مراسلہ لکھیں تاکہ اس حوالے سے ڈی پی اوز اپنی نگرانی میں ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ صوبہ بھر میں کسٹم کی مدعیت میں در ج ہونے والے کیسز اور ان پر تفتیش کی تازہ ترین صورتحال کی تفصیلی رپورٹ آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے۔

آئی جی پنجاب نے صوبہ کی سطح پر اے آئی جی آپریشنز جبکہ لاہور کی سطح پر ایس ایس پی آپریشنز، لاہورکو محکمہ کسٹمزکیلئے فوکل پرسن نامزد کرتے ہوئے کلکٹر کسٹمز سے کہاکہ محکمہ کسٹمز کو لاہور یا پنجاب میں جہاں بھی پولیس سپورٹ کی ضرورت ہو تو فوکل پرسنز سے رابطہ کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں کسٹمز آپریشنز میں پولیس فورس کی معاونت کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران ہدایات دیتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں کسٹمز ڈیپارٹمنٹ سے کلکٹر کسٹمز باسط مقصود عباسی اور ریجنل ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس اسد رضوی نے شرکت کی ۔ کلکٹر کسٹمز باسط مقصود عباسی نے دوران اجلاس کسٹمز آپریشنز کے دوران اسمگلرز کی جانب سے ہونے والی مزاحمت سمیت دیگر مسائل بارے آگا ہ کیا جبکہ ریجنل ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس، اسد رضوی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انٹیلی جنس برانچ کی انفارمیشن پر ہونے والے کسٹمز آپریشنز پولیس ٹیموں کی عدم موجودگی میں زیادہ موثر نہیں ہوپاتے اور پیشہ ور اسمگلرز کی جانب سے اکثر و بیشترشدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس پر آئی جی پنجاب نے ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ پولیس اور کسٹمز ٹیموں کے مشترکہ آپریشنز سے اسمگلروں کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے اور حکومت کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ اس برائی کے خاتمے کیلئے بڑے مگرمچھوں کے خلاف بھرپور تیاری اور باقاعدہ حکمت عملی کے تحت بھرپورآپریشنز کیے جائیں تاکہ اسمگلنگ سے قومی دولت کو نقصان پہنچانے والے مجرمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جاسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ کے مفادات کے تحفظ کیلئے صوبے میں کسی بھی جگہ پولیس کی ضرورت ہوئی تو اس حوالے سے اقدامات میں کوئی کمی نہ آنے دی جائے ۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان،سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ زعیم اقبال شیخ ، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ، ساجد کیانی اور اے آئی جی آپریشنز سید ذیشان رضا سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :