نبی نے فرمایا میرے ایک ہاتھ پر چاند اور ایک پر سورج رکھدیا جائے پھر بھی تمام انسانوں تک قرآن کی دعوت پہنچاتا رہوں گا: حافظ نصر اللہ عزیز

قرآن انقلابی کتاب اور دنیا کو تبدیل کرنے کا عظیم نسخہ ہے اگر یہ قوم اپنے مسائل کو حل کرنے کیلئے قرآن سے رجوع کرے تو تمام مسائل سے نجات مل سکتی ہے، عمران خان گھر اسکیم کے تحت پوری قوم کو سودی نظام میں جکڑکر عالمی مالیاتی اداروں کو خوش کرنا چاہتے ہیں: نائب امیر جماعت اسلامی سندھ

جمعہ 7 مئی 2021 19:23

بدین/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2021ء) جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر وجمعیت اتحاد العلماء سندھ کے صدر حافظ نصراللہ عزیز نے کہا ہے کہ نے کہا ہے کہ نبی نے فرمایا میرے ایک ہاتھ پر چاند اور ایک پر سورج رکھدیا جائے پھر بھی تمام انسانوں تک قرآن کی دعوت پہنچاتا رہوں گا، قرآن انقلابی کتاب اور دنیا کو تبدیل کرنے کا عظیم نسخہ ہے اگر یہ قوم اپنے مسائل کو حل کرنے کیلئے قرآن سے رجوع کرے تو تمام مسائل سے نجات مل سکتی ہے، عمران خان گھر اسکیم کے تحت پوری قوم کو سودی نظام میں جکڑکر عالمی مالیاتی اداروں کو خوش کرنا چاہتے ہیں جبکہ سود لینے ،دینے اور لکھنے والوں کیخلاف اللہ اور ان کے رسولؐ نے اعلان جنگ کر رکھا ہے، سود اور سودی معیشت معاشی نظام کی بربادی کی اصل بنیاد ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گولارچی میں سید دائود شاہ گیلانی ولیج میں تقریب ختم القرآن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قرآن مجید بلاسودی نظام کا زبردست انقلابی پیکیج پیش کیا ہے اسلئے قرآن کریم کے بتائے ہوئے اصولوں اور نظام کی روشنی میں قوم کو ریلیف دیا جائے۔ سودی نظام میں مہنگائی میں اضافہ ہوجاتاہے اور عام لوگوں کی ضرورت کی چیزیں اٴْن کی دسترس سے باہر ہوجاتی ہیں اور انسانیت کی اکثریت غربت کی زندگی گزارنے پر یا سود پر رقم لے کر ذلّت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوجاتی ہے۔

مشاہدات وتجربات کی دنیا کا سرسری جائزہ لینے سے ہی یہ بات نمایاںہو جا تی ہے کہ جس معاشرے میںسود کا رواج ہوا، وہ معاشرہ بے پناہ اسباب اوروسائل مہیا ہونے کے باوجود بے چین، بے سکون اور غیر محفوظ ہو کر رہ گیا۔ انسان اخلاقی اقدار (محبت، ہمدردی، بھائی چارہ وغیرہ) جو خوشحال معاشرے کی لازمی ضرورت ہیں، انہیں کھو بیٹھاہے۔اشرف صحرائی کی جیل میں شہادت انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کشمیر میں مودی نے ظلم وستم کا بازار گرم کر رکھا ہے جس پر یورپی یونین سمیت مغرب خاموش تماشائی کردار ادا کررہا ہے جبکہ پاکستان کو بلیک میل کرنے کیلئے تحفظ ختم نبوتؐ قانون کو ختم کرنے اور گستاخان رسول کو رہا کرنے کی یورپی پارلیمنٹ کی قرارداد پاس کرکے اسلام دشمنی کا ثبوت فراہم کیا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کے حکومت پاکستان کشمیری سیاسی قیدیوں کا مسئلہ عالمی عدالت انصاف اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن میں اٴْٹھائے۔#