فیصل مسجد میں نماز جمعة الوداع کی ادائیگی، خطبہ ڈی جی دعوہ اکیڈمی ڈاکٹرمحمد الیاس نے دیا

جمعہ 7 مئی 2021 21:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2021ء) فیصل مسجد میں نماز جمعة الوداع کی ادائیگی، خطبہ ڈی جی دعوہ اکیڈمی ڈاکٹرمحمد الیاس نے دیا۔جڑواں شہروں سے تعلق رکھنے والے افراد نے فیصل مسجد میں جمعة الوداع کی نماز ادا کی جہاںبین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی دعوة اکیڈمی نے عالمی وبا اور گرم موسم کے پیش نظر خصوصی انتظامات کر رکھے تھے۔

مقتدیوں کی حفاظت کے لیے شاورنگ گیٹس، صابن اور ماسک کا اہتمام کیا گیا تھا۔اس موقع پر جمعة الوداع کا خطبہ ڈائریکٹر جنرل دعوہ اکیڈمی ڈاکٹر قاری محمد الیاس نے دیا اور نماز جمعہ پڑھائی۔انہوں نے ملکی سلامتی و خوشحالی اور موجودہ وبا کے خاتمے کی دعا کی۔ خطبے میں انہوں نے رمضان المبارک کی مسلمانوں کی زندگی میں اہمیت اور اس ماہ کے فیوض برکات سے استفادے کے تقاضوں پر روشنی ڈالی. انہوں نے آخری عشرے کی اہمیت اور عبادات پر بھی آگاہی دی. ان کا کہنا تھا رمضان ہمیں اللہ اور اس کے کلام کے قریب ہونے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے اور یہی وہ وقت ہے جب رب عظیم سے اپنے گناہوں کی معافی کو پہلے سے زیادہ گڑگڑا کر مانگا جاے اور دگنا ثواب، نیکیاں اور فلاح پائی جائے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر الیاس نے اتحاد امت پر بھی زور دیا اور کہا کہ مسلم دنیا کو اپنے مسائل مل جل کر حل کرنا ہوں گے اور تعلیم کو اولین ترجیح دینا ہوگی۔ جمعة الوداع کے خطبہ میں ڑواں شہروں سے علماء مشائخ اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔