اسرائیل میں فوجی اہلکاروں نے آرمی بیس کے نزدیک فلسطینی نوجوانوں پر گولیاں برسادیں ، دو جوان شہید ، ایک زخمی

جمعہ 7 مئی 2021 23:00

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2021ء) اسرائیل میں فوجی اہلکاروں نے آرمی بیس کے نزدیک فلسطینی نوجوانوں پر گولیاں برسادیں جس کے نتیجے میں 2 نوجوان شہید اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔عالمی میڈیاکے مطابق مغربی کنارے پر اسرائیلی فوجی اڈے کے نزدیک اہلکاروں کی فائرنگ سے دو فلسطینی نوجوان شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ ان نوجوانوں نے فوجی اڈے میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ جینن کے علاقے میں قائم سلیم ملٹری بیس میں 3 فلسطینی نوجوانوں نے داخل ہونے کی کوشش کی جس پر اہلکاروں نے نوجوانوں پر اندھا دھند گولیاں برسادیں۔اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان مسلح تھے اور فوجی اڈے میں داخل ہونے میں ناکامی پر مرکزی دروازے پر فائرنگ کردی تاہم جوابی فائرنگ میں دو نوجوان مارے گئے اور ایک شدید زخمی ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیل میں وزیراعظم نیتن یاہو نے ووٹرز کی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے فلسطینیوں پر مظالم بڑھائے اور دو سال میں چار بار الیکشن میں کامیابی کے باوجود وہ حکومت بنانے میں ناکام رہے ہیں، ہر بار وہ سیاسی اتحاد بناتے اور ہر بار ناکامی منہ چڑھاتی۔اس سیاسی بحران کے دوران اسرائیلی فوج کے پٴْرتشدد واقعات میں اضافہ ہوا ،رمضان کے ماہ مقدس میں بھی مسلمانوں کو بیت المقدس میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی