بھارت کے انڈر ورلڈ ڈان چھوٹا راجن کے کورونا سے انتقال کی افواہیں ، حکام کی تردید

جمعہ 7 مئی 2021 23:00

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2021ء) بھارت کے انڈر ورلڈ ڈان چھوٹا راجن کے کورونا سے انتقال کی افواہیں زیر گردش ہیں تاہم حکام نے خبروں کی تردید کردی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز چھوٹا راجن کی کورونا سے موت کی خبریں سامنے آئی تھیں اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ خبر بھارت میں پھیل گئی تھی تاہم اب حکام نے انڈر ورلڈ ڈان کی موت کی خبر کو من گھڑت قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز) نئی دہلی نے بتایا کہ چھوٹا راجن زندہ ہیں اورہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ایمز کے مطابق 61 سالہ چھوٹا راجن میں کورونا علامات کے بعد ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا جس پر انہیں 26 اپریل کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ہسپتال حکام نے بتایا کہ چھوٹا راجن عارضہ قلب سمیت مختلف بیماریوں کا شکار ہیں۔خیال رہے کہ چھوٹا راجن کو 2015 میں بالی سے گرفتار کیا گیا تھا اور وہ اس وقت سے دلی کے بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں قید ہیں۔