کورونا کی تیسری لہر کے دوران ہسپتالوں میں 1129 نئے بستروں کا اضافہ کیا، تیمور جھگڑا

گزشتہ روز مثبت کیسز کی شرح 10.6 فیصد رہی، 1590 مریض ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، وزیرِ صحت و خزانہ

جمعہ 7 مئی 2021 23:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2021ء) خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت نے کورونا وباء کی تیسری لہر کے دوران ہسپتالوں کی استعداد کار کو بڑھاتے ہوئے مزید 11 سو سے زائد نئے بستروں کا اضافہ کیا ہے۔ اس وقت کورونا وائرس سے متاثر 1590 مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں جبکہ گزشتہ روز صوبے میں مثبت کیسز کی شرح 10.6 فیصد رہی۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وباء کی صورتحال تاحال خراب ہے۔ کورونا مریضوں سے متعلق اعداد و شمار شیئر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 10 ہزار 521 ہے۔ گزشتہ روز مثبت کیسز کی شرح 10.6 فیصد رہی۔ اس وقت کورونا وائرس سے متاثر 1590 مریض ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ ایک روز قبل یہ تعداد 1622 تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 895 مریض ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس (ایچ ڈی یوز) میں اور 544 کم آکسیجن بستروں پر زیر علاج ہیں۔

آئی سی یوز میں مریضوں کی تعداد 151 جن میں سے 76 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ تیسری لہر کے دوران صوبے میں 1129 نئے بستروں کا اضافہ کیا۔ 663 نئے ہائی فلو آکسیجن بستروں کے اضافے سے ہسپتالوں کی کورونا مریضوں کے لیے استعداد دگنی ہوئی کیونکہ زیادہ تر مریضوں کو اس کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسی طرح 11 آئی سی بیڈز اور 455 لو فلو آکسیجن بستروں کا اضافہ کیا گیا ہے۔