ضلع گھوٹکی میں دھان کی فصل کاشت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ

خلاف ورزی کرنے والوں پر مقدمات درج ہوں گے، تعلقہ سطح پر کمیٹیاں قائم

جمعہ 7 مئی 2021 23:51

میرپور ماتھیلو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2021ء) ضلع گھوٹکی میں دھان کی فصل کاشت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ، خلاف ورزی کرنے والوں پر مقدمات درج ہوں گے، تعلقہ سطح پر کمیٹیاں قائم. تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر گھوٹکی محمد عثمان عبدللہ کی زیر صدارت ان کے دفتر میں دھان کی کاشت کے خلاف آپریشن شروع کرنے کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منقعد ہوا جس میں اسسٹٹ کمشنرز رضوان نظیر ، شہریار خان قمر خٹک اور مختیار کارز سمیت محکمہ زراعت، آبپاشی، رینجرز و پولیس افسران نے شرکت کی.

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ نے ضلع گھوٹکی میں دھان کی فصل کی کاشت پر مکمل پابندی عائد کی ہوئی ہے اس لئے کسی کو بھی دھان کی کاشت کرنے کے لئے پنیری کی بوائی کی اجازت نہیں دیں گے، خلاف ورزی کرنے والے آبادگاروں کے خلاف قانون کے مطابق مقدمات بھی درج ہوسکتے ہیں اس لئے آبادگاروں کو چاہیئے کہ وہ قانون کی پاسداری کرتے ہوئے دھان کی کاشت سے گریز کریں کیوں کہ دھان کی فصل سے نہ صرف زرعی زمین کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ آس پاس کے رہائشی علاقے بھی سیم وتھور کی نذر ہوجاتے ہیں.

اس موقع پر انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ تعلقہ سطح پر محکمہ زراعت و آبپاشی افسران سے اجلاس منعقد کرکے دھان کی کاشت کے خلاف مثر پلان تیار کریں اس سلسلے میں محکمہ ریونیو کے پٹواریوں و محکمہ آبپاشی کے داروغوں کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں دھان کی کاشت کے متعلق متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں اطلاع دیں، جس کی بنیاد پر پہلے مرحلے میں آبادگاروں کو نوٹسز جاری کئے جائیں عمل نہ ہونے کی صورت میں کارروائی عمل میں لائی جائی.

اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے محکمہ زراعت گھوٹکی کی کاکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زراعت افسران بہتر طریقے سے فرائض سرانجام نہیں دے رہے جس وجہ سے آبادگاروں کی رہنمائی نہیں ہورہی، انہوں نے ڈائریکٹر زراعت کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کی پانچوں تحصیلوں میں سیمینار منعقد کرکے آبادگاروں کو دھان کی کاشت کے نقصانات سے آگاہ کریں اور انہیں متبادل فصل کاشت کرنے کی آگہی بھی دیں اس سلسلے میں تمام شہروں میں پینافلیکس بھی لگائے جائیں اور ریڈیو ایف ایم کے ذریعے بھی آبادگاروں کو آگہی فراہم کی جائی.

اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت رسول بخش جونیجو نے بتایا کہ انگریز دور میں جب بئراجز قائم ہورہی تھیں تب آبپاشی ماہرین نے سروے کے دوران رپورٹ دی تھی تھی کہ دریا کے بائیں جانب دھان کی کاشت سے زرعی زمینوں اور دیگر فصلوں کو نقصان ہوگا اسی طرح زیر زمین پانی بھی متاثر ہوگا اس لئے ابادگاروں کو متبادل راستہ اپنانا چاہیے اس سلسلے میں محکمہ زراعت ڈپٹی کمشنر کی ہدایات کے مطابق ضلع کی پانچوں تحصیلوں میں سیمینار منعقد کرے گا،