سابق وفاقی وزیر اور بلوچ رابطہ اتفاق برات کے سربراہ پرنس محی الدین بلوچ انتقال کر گئے

مرحوم کی تدفین قلات کے شاہی قبرستان قلات میں کردی گئی، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سمیت دیگر کی نماز جنازہ و تدفین میں شرکت

جمعہ 7 مئی 2021 23:52

قلات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2021ء) سابق وفاقی وزیر اور بلوچ رابطہ اتفاق برات کے سربراہ پرنس محی الدین بلوچ انتقال کر گئے مرحوم کی تدفین قلات کے شاہی قبرستان قلات میں کردی گئی، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سمیت دیگر نے نماز جنازہ و تدفین میں شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر مواصلات و تعمیرات پرنس محی الدین بلوچ 89برس کی عمر میں انتقال کرگئے وہ خان قلات میراحمد یار خان کے منجلے بیٹے خان دائود خان مرحوم کے چھوٹے بھائی، سابق صوبائی وزیر پرنس احمد علی بلوچ، آغا ابراہیم کے والد وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے ماموں موجودہ خان آف قلات میر سلیمان دائود، سابق صوبائی وزیر پرنس فیصل داود، سینیٹر پرنس عمر جان احمد زئی ،پرنس احمد یار کے چچا ،گوریلا کمانڈر آغا عبدالکریم احمدزی کے بھتیجے، سابق صوبائی وزیر اغا عرفان کریم کے چچا زاد بھائی اور پرنس محمد کے نانا تھے ان کی نماز جنازہ جمعہ کو شاہی قبرستان قلات میں جمعیت علماء اسلام کے صوبائی جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی آغا محمود شاہ نے پڑھائی مرحوم کی نماز جنازہ اور تدفین میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، صوبائی وزراء میر ضیاء اللہ لانگو، انجینئر زمرک خان اچکزئی، ارکان سینیٹ، قومی اسمبلی سرکاری افیسران، قبائلی عمائدین سیاسی زعماء سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی بعدازاں مرحوم پرنس محی الدین بلوچ کو مرحوم خان قلات دائود خان اور ان کے والد خان میراحمد یار خان کے پہلو میں سپرد خاک کیا گیا۔

(جاری ہے)

سابق وفاقی وزیر پرنس محی الدین بلوچ کی پانچ نومبر 1942 کواس وقت کے خان آ ف قلات خان میرا حمد یار خان احمد زئی کے گھر قلات میں پیدا ھوئے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ دائود ہائی سکول قلات سے حاصل کی بعد ازاں کوئٹہ میں تعلیم حاصل کی سابق صدر ایوب خان کے دور میں جب ان کے والد خان میراحمد یار خان کو گرفتار کیا گیا تو وہ بھی گرفتار ہوئے جب خان میراحمد یار خان گورنر بلوچستان بنے تو ان کے پرسنل اسٹاف سیکریٹری رہے، مرحوم 1985 میں قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور بعد ازاں جنرل ضیاء کے دور میں ان کا نام محمد خان جونیجو کے ساتھ وزیراعظم کے طور پر لیا گیا تاہم محمد خان جونیجو کو وزیراعظم بنایا گیا پرنس محی الدین وفاقی وزیر مواصلات وتعمیرات اور بعد میں وزیر تجارت بھی رہے، 1988 میں انہوں نے اپنے چھوٹے بھائی پرنس یححیٰ جان کے ساتھ مل کر اپنی جماعت بلوچ رابطہ اتفاق تحریک برات بنائی جس کی ملک اور بیرون ملک برانچز قائم کی گئیں وہ گزشتہ رات کراچی میں گردوں کے امراض میں مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے