ایئر یونیورسٹی کے زیراہتمام ای گیمنگ ویبینار کا انعقاد (کل) ہوگا، فواد چوہدری بطور مہمان خصوصی حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالیں گے

ہفتہ 8 مئی 2021 21:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2021ء) ایئریونیورسٹی کے زیراہتمام اپنی نوعیت کا منفرد ای کھیلوں کے موضوع پر ویبینار کا انعقاد بروز اتوار بتاریخ 9 مئی کو کیا جارہا ہے جسکے مہمان خصوصی وفاقی وزیربرائے اطلاعات و نشریات فواد حسین چوہدری ہونگے۔تفصیلات کے مطابق ایئریونیورسٹی کے وائس چانسلر ائرمارشل (ر)جاوید احمد، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز فضائلہ علی، ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹنگ کاشف کفایت سمیت دیگر مندوبین بھی ای گیمنگ سے متعلقہ موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے، اس حوالے سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایئر یونیورسٹی صباح الدین قاضی نے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ دنیا بھر میں ای گیمنگ کو ملٹی بلین ڈالرز انڈسٹری کا درجہ حاصل ہیں، مذکورہ ویبینار کا بنیادی مقصد پاکستان کے قابل نوجوانوں کو ای گیمنگ کو بطور کیریئر اپنانے کی اہمیت سے روشناس کرانا ہے۔

(جاری ہے)

ایئر یونیورسٹی کے زیرمنعقدہ ویبینار کو فیس بک سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لائیو ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا، اپنی نوعیت کے منفرد ویبینار میں شرکت کیلئے ای گیمنگ کے شعبہ میں دلچسپی رکھنے والے طلبائ و طالبات، ڈیجیٹل ماہرین اور میڈیا نمائندگان کومدعو کیا گیا ہے، اس موقع پر مہمان خصوصی وفاقی وزیر فواد چوہدری پاکستان میں ای گیمنگ کی صنعت کو فروغ دینے کیلئے حکومتی اقدامات پر بھی روشنی ڈالیں گے۔