سرکارِ دوعالم محمد مصطفیﷺ کے دربار میں غلام کی حاضری

ادب کا قرینہ کہ جوتے پہننے کی جسارت دربارِمصطفیﷺ میں تو کیا ان کے شہر میں بھی نہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا وزیراعظم عمران خان کا مدینہ منورہ میں جوتا اتارنے کے عمل پر ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 8 مئی 2021 19:29

سرکارِ دوعالم محمد مصطفیﷺ کے دربار میں غلام کی حاضری
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی2021ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ سرکارِ دوعالم محمد مصطفیﷺ کے دربار میں غلام کی حاضری، ادب کا قرینہ کہ جوتے پہننے کی جسارت دربارِمصطفیﷺ میں تو کیا ان کے شہر میں بھی نہیں۔ انہوں نے ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان کی مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر اترنے سے پہلے جوتے اتارنے کی تصویر شیئر کی اور کہا کہ سرکار دو عالم محمد مصطفی ﷺ کے دربار میں غلام کی حاضری، ادب کا قرینہ کہ جوتے پہننے کی جسارت دربارِ مصطفیࣿ ﷺ میں تو کیا ان کے شہر میں بھی نہیں۔

ادب پہلا قرینہ ہے محبت کے قرینوں میں۔ یاد رہے وزیراعظم عمران خان سعودی دارلحکومت ریاض میں اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے بعد روضہ رسولﷺ پر حاضری کیلئے مدینہ منورہ پہنچ گئے ہیں، خاتون اول بشریٰ بی بی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

(جاری ہے)

مدینہ منورہ کے گورنرامیر فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نے مدینہ منورہ کی مقدس دھرتی پر پاؤں رکھنے سے پہلے اپنا جوتا اتار دیا، تاہم جرابیں پہنے رکھیں۔


معاون خصوصی شہبازگل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی آج سعودی ولی عہد شہزادمحمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔ اعلیٰ سطحی وفود کی ملاقاتوں میں مختلف شعبوں میں تعاون کیلئے پانچ ایم اویوز دستخط ہوئے ہیں،ان ایم اویوز میں سرمایہ کاری، کامرس، قیدیوں اور کثیرالجہتی تعاون کے بارے میں ہیں۔

پاک سعودی کوآرڈینیشن کونسل بنی ہے، یہ بڑی اہمیت کی حامل ہے، اس کونسل کو ایک طرف وزیراعظم عمران خان اور دوسری طرف سعودی ولی عہد سرپرستی کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم مسجد نبویﷺ میں روزہ افطار کریں گے اور آج رات مدینہ منورہ میں ہی قیام کریں گے۔ کل صبح وزیراعظم براستہ جدہ مکہ مکرمہ کیلئے روانہ ہوں گے اور کل دوپہر عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے۔ جس کے بعد وزیر اعظم جدہ جائیں گے اور وہاں سے شام کو پاکستان کیلئے روانہ ہوں گے۔