انتخابی اصلاحات کیلئے جماعت اسلامی کی تجاویز کا مسودہ تمام قومی و دینی سیاسی جماعتوں کے قائدین کو ارسال کردیاہے،لیاقت بلوچ

تمام اپوزیشن جماعتیں انتخابی اصلاحات پر متفق ہو جائیں تو شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لیے حکومت پر دبائو بڑھے گا ،نائب امیر جماعت اسلامی

ہفتہ 8 مئی 2021 23:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2021ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے جامع مسجد الاعلیٰ اچھرہ میں خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ انتخابی اصلاحات کے لیے جماعت اسلامی کی تجاویز کا مسودہ تمام قومی و دینی سیاسی جماعتوں کے قائدین کو ارسال کردیاہے ۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی ہدایت پر عید الفطر کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی قیادت سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا ۔

تمام اپوزیشن جماعتیں انتخابی اصلاحات پر متفق ہو جائیں تو شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لیے حکومت پر دبائو بڑھے گا وگرنہ صرف سرکاری اصلاحات انتخابات کا اعتماد بحال نہیں کرسکتیں ۔ جماعت اسلامی ہر محاذ پر سرگرم ہے، ہماری ہر سرگرمی اسلام کی حکمرانی کے لیے ہے ۔

(جاری ہے)

کارکنان خود بھی اور عوام کو بھی اسی جدوجہد کے لیے منظم کریں ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ دنیا بھر میں فلسطینیوں کی حمایت میں جوش و خروش کا جذبہ عالم اسلام کی بیداری کی علامت ہے ۔

اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینی عوام کا عزم ناقابل شکست ہے ۔ مسلم حکمران بیدا ر ہوں ، متحد ہوں ، باہمی دوریاں ختم کی جائیں اور اسلام دشمنوں کی پناہ نہ لی جائے ۔عالم اسلام کے مسائل اتحاد امت سے ہی حل ہوں گے ۔ حکومت پاکستان کشمیر ، فلسطین اور افغانستان ایشوز پر مستقل و طویل المعیاد قومی حکمت عملی بنائے ، ایڈہاک ازم سفارت کاری نے دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانوں کو مفلوج اور سفارت کاروں کے ہاتھ پائوں باندھ دیے ہیں ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ ماہ رمضان قرآن کا نزول ، عبادات کی تربیت ، اپنے گناہوں سے توبہ ، قرآن و سنت پر اکٹھے ہونے اور اسلام دشمنوں کے مقابلے میں غلبہ دین کے لیے جدوجہد کا پیغام ہے ۔انفرادی عبادات کے لیے امت کی اجتماعی ذمہ داریوں کو پورا کرنا ہی رضائے الٰہی ہے ۔ قرآن کریم اللہ کی بندگی ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت اور مخلوق خدا کی خدمت کا درس عمل ہے ۔

لیاقت بلوچ سے ہدیة الہادی کے مرکزی رہنما حسن الباری گیلانی اور سید نوید الحسن نے ملاقات کی اور امیر ہدیة الہادی پیرہارون گیلانی کی جانب سے انتخابی اصلاحات کے لیے تجاویز دیں ۔ لیاقت بلوچ نے وفد سے کہاکہ پاکستان میں آئین ، جمہوریت ، شفاف ،بامقصد انتخابات اور اسلام کی حکمرانی کے لیے علماء ، مشائخ اور جمہوری دینی قوتوں کو مشترکہ لائحہ عمل بناناہوگا ۔ پاکستان کا آئین پارلیمنٹ کو قرآن و سنت کے احکامات کا پابند کرتاہے ۔ سیاست ، معاشرت ، معیشت اور تمام شعبہ ہائے زندگی قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق ہوں۔