کرونا کے خاتمے کیلئے اقوام متحدہ کی جانب سے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں، میاں افتخارحسین

ہفتہ 8 مئی 2021 23:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2021ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل میاں افتخارحسین نے کہا ہے کہ کرونا وبا کے خاتمے کیلئے اقوام متحدہ کو اپنا کردار اداکرنا ہوگا اور اگر خصوصی اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو اس وبا کا مکمل خاتمہ ناممکن ہوجائیگا۔ باچاخان مرکز پشاور میں باچاخان ٹرسٹ اور خدائی خدمتگار تنظیم کی جانب سے فنکار برادری میں عیدپیکجز کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں افتخارحسین نے کہا کہ اقتصادی طور پر مضبوط ممالک کو بٹھا کر ماہرین کی ایک ٹیم بنا ئی جائے جو ویکسین بنانے، فراہم کرنے اور فنڈز اکھٹا کرنے کیلئے لائحہ عمل بنائے۔

اقوام متحدہ کی جانب سے اگر اس طرح کے اقدامات اٹھائے جائیں تو کرونا وبا پوری دنیا سے ختم ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

اگر ترجیحی بنیادوں پر پوری دنیا کے ممالک سنجیدگی سے اس پر عمل کریں تو ایک مہینے کے اندر وبا ختم ہوسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرونا وبا تب تک ختم نہیں ہوگا جب تک ہر فرد کو اس وبا سے بچایا نہ جائے۔ممالک کے درمیان راستوں کی بندش، مسافروں پر پابندیوں، کاروبار بند کرنے یا لاک ڈائون سے مکمل خاتمہ ممکن نہیں۔

اگر دنیا کے مضبوط ممالک سنجیدگی نہ دکھائے تو نہ صرف وبا رہے گی بلکہ اقتصادی طور پر دنیا تباہی کی جانب گامزن ہوگی۔میاں افتخارحسین نے کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر عید کی خوشیاں نہیں، ہر گھر میں ماتم ہے، وبا نے تباہی مچائی ہوئی ہے۔ان وبائی حالات میں عیدالفطر کے موقع پر مستحقین اور غرباء کا خصوصی خیال رکھا جائے تاکہ انہیں باہر نہ جانا پڑے۔

فنکار ہمارا اثاثہ ہے اور باچاخان ٹرسٹ کی جانب سے انکی حمایت و امداد جاری رہے گی۔بدقسمتی سے فنکار برادری کیلئے حکومت وقت کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے۔اے این پی مقامی فنکار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اپنی دورحکومت میں ثقافت کو زندہ رکھنے کیلئے انکی خدمات کو سراہا۔دہشتگردی کے مقابلے میں اے این پی نے ثقافت کے خدمتگاروں کیلئے نشترہال دوبارہ کھولا اور سال بھر اس میں سرگرمیاں جاری رہیں۔