ظالم حکمرانوں نے وطن کو غم کدہ بناکر عوام سے خوشی اور سکون چھین لیا،مولانا عبدالغفور حیدری

فیضان جتک کو سرعام گولیوں سے چھلنی کرنے والے بتائیں کہ عوام کے محافظ قاتل کیسے بن گئے

ہفتہ 8 مئی 2021 23:36

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2021ء) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا ہے کہ ظالم حکمرانوں نے وطن کو غم کدہ بناکر عوام سے خوشی اور سکون چھین لیا، فیضان جتک کو سرعام گولیوں سے چھلنی کرنے والے بتائیں کہ عوام کے محافظ قاتل کیسے بن گئے، سرینا ہوٹل شہداء ، صحافی وحید رئیسانی، میرفیضان جتک شہید کو انصاف کون اور کہاں سے دے گا اس کا جواب دینے والا کوئی نہیں کیوں کہ ملک کے تمام ادارے تباہ وبرباد کردئیے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ نااہل حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے خود کشت وخون میں ملوث ہے بوڑھے والدین نوجوان بیٹوں کے جنازوں کو کندھے دے کر تھک گئے مگر بے حس حکمران ڈھٹائی کے ساتھ جھوٹ بولنے سے تھکتے ہی نہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں میر فیضان جتک کی فاتحہ خوانی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا ان کے ہمراہ جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی جوائنٹ سیکرٹری مولانا خورشید احمد جنرل سیکریٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ مولانا مفتی عبد السلام ریئسانی حافظ شبیر احمد مدنی میر حشمت لہڑی مولانا محمد عارف شمشیر اور دیگر بھی تھے انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والوں کے ہاتھوں نوجوان کی ہلاکت بدترین دہشت گردی ہے ملک میں معاشی بحران انتہا تک پہنچ چکا ہے امن وامان کی صورتحال کی بدترین سطح پر مخدوش ہے گلی کوچوں میں انتظامیہ اور پولیس کی سرپرستی میں نوجوانوں کی لاشیں گررہی ہیں ظالم حکمرانوں نے ملک کو غم کدہ بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، آج سرعام قانون نافذ کرنے والوں کے ہاتھوں امن وامان کی دھجیاں اڑائی جاتی ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں یہاں قانون صرف عوام کیلئے ہے جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومت صرف میڈیا پر موجود ہے، انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے بعد قاتل حکمرانوں کے خاتمے کا آغاز ہوگا عوام تنگ آچکے ہیں مزید مہلت دینا ملک اور عوام کے ساتھ ظلم کے مترادف ہوگا۔