پشتونخواملی عوامی پارٹی کاکرونا وائرس کی مزید پھیلنے اور اس کی مزید خطرناک شکلیں سامنے آنے پر تشویش کا اظہار

ہفتہ 8 مئی 2021 23:36

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2021ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے بیان میں کرونا وائرس کی مزید پھیلنے اور اس کی مزید خطرناک شکلیں سامنے آنے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ اس موذی وباء سے نجات مسلسل احتیاط کے ساتھ ساتھ اس کے ٹیسٹ میں اضافہ اور ویکسین کی بڑی تعداد میں لوگوں کو بروقت لگانے کی مہم ، ماسک کے استعمال اور SOPsپر مکمل عملدرآمد سے ممکن ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے اس خطرناک وباء نے مزید خطرناک شکلیں اختیار کرلی ہیں اور اب برطانوی ، افریقی ودیگر وائرس کے وجود میں آنے سے اس کے علامات اور حملے بھی تبدیل ہوچکے ہیں اور اب بڑی عمر کے افراد کے ساتھ بچوں پر بھی اس کے اثرات نمایاں ہوگئے ہیں جو مزید تشویش کا باعث ہیں ۔

(جاری ہے)

جبکہ وفاقی و صوبائی حکومت ، صوبے کی محکمہ صحت ڈویژنل ہیڈکوارٹرز اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں وباء کی روک تھام میں ناکام اور علاج کی سہولیات بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔

بلکہ ملکی سطح کے ساتھ ساتھ صوبے کی سطح پر بھی اس وبائی بیماری کے بارے میں حکومتی اعداد وشمار مکمل غلط اور مفروضے پر مبنی ہیں دراصل اس سے پہلے بھی اس وبائی مرض سے صوبے میں ہزاروں لوگ لقمہ اجل بنے تھے اور اب بھی یہ تعداد حکومت کی تعداد سے کئی گنا زیادہ ہے ۔ حکومتی انتظامات پر عوام کی عدم اعتماد کی وجہ سے وبائی مرض کے شکار لوگ بہت کم ہسپتالوں کا رخ کرتے ہیں ۔

اب تک اس وائرس سے اس صوبے میں ہلاک ہونیوالوں کی تعداد ہزاروں میں اور اس وائرس میں مبتلا ہونیوالوں کی تعداد لاکھوں میں ہیں۔ ریاست اور اس کے مرکزی وصوبائی سطح کی حکومتیں ہر سطح پر ناکام ہوچکی ہے اور حکمران طبقے کو عوام کی زندگی سے کوئی سروکارنہیںہے ۔ اس گھمبیر صورتحال میں عوام نے ہر سطح پر دن رات احتیاطی تدابیر اپنا کر اپنی حفاظت خود کرنی ہوگی ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہر انسان اور ہر شہری کی زندگی انتہائی قیمتی ہے حکومت کے ساتھ ساتھ ہر فرد کی بھی یہی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی صحت کی حفاظت کو یقینی بنائیں اور تمام عوام عالمی طور پر جاری کردہ SOPsپر مکمل عملدرآمد کریں اور ماسک کے پہننے کو عملی طور پر اپنی زندگی کا حصہ بناتے ہوئے سینی ٹائزر یا صابن سے بار بار ہاتھ دھونے کو معمول بنائیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے محبوب چیئرمین محمود خان اچکزئی کے گھر پر عید الفطر کے موقع پر مبارکبادی اور عید ملن نہیں ہوگی ۔ البتہ کوئی بھی شخص ، پارٹی کارکن ، بہی خواہ اور عوام ٹیلی فون کے ذریعے مبارکباد پیش کرسکتے ہیں۔ اسی طرح پارٹی کے تمام لیڈر شپ ، کارکنوں ، بہی خواہوں کو ہدایت اور تمام ملک اور صوبے کے عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ عید پر گلے ملنے ، ہاتھ ملانے ، ایک دوسرے کے گھر جاکر مبارکبادی دینے سے دراصل عالمی وباء کرونا کے مزید پھیلانے کا سبب ہوگی اور یہی عالمی وباء فرد سے فرد کو منتقل ہونے کا ذریعہ ہے جس سے اجتناب ہر فرد کی ذمہ داری میں شامل ہے۔

بلکہ پارٹی کے تمام عہدیداروں اور کارکنوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس وباء سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر خود عمل کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی بچانے کیلئے اس وباء سے متعلق مہم چلائیں اور پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ اور ضلعی دفاتر میں آنے جانے کے دوران مکمل طور پر ہر حالت میں SOPsپر عمل کریںاور ہر حالت میں ماسک لازمی پہنے اور ہر قسم کے رش والے مقامات سے دور رہیں کیونکہ اس بیماری سے بچنے کا واحد راستہ صرف اور صرف احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرنے میں ہیں۔