یوسف رضا گیلانی نے پی ڈی ایم دوبارہ متحد ہونے کا عندیہ دے دیا

مولانا فضل الرحمان سب کو ساتھ لے کر چلیں تو چیزیں بہترہوسکتی ہیں، پی ڈی ایم اب بھی متحد ہوسکتی ہے، بلاول بھٹو عید کے بعد پنجاب کے دورے کریں گے۔ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر یوسف رضا گیلانی کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 8 مئی 2021 22:37

یوسف رضا گیلانی نے پی ڈی ایم دوبارہ متحد ہونے کا عندیہ دے دیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر مرکزی رہنماء سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے پی ڈی ایم متحد ہونے کا عندیہ دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ  مولانا فضل الرحمان سب کو ساتھ لے کر چلیں تو چیزیں بہترہوسکتی ہیں، پی ڈی ایم اب بھی متحد ہوسکتی ہے، بلاول بھٹو عید کے بعد پنجاب کے دورے کریں گے۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے۔

ہمیں عدالت کے فیصلے کے بعد بات نہیں کرنی چاہیے۔ عدالتی فیصلوں کے بعد ڈیل کی باتیں نہیں کرنی چاہیے۔ مجھے نہیں پتہ کہ شاید میں بھی بلیک لسٹ یا ای سی ایل پر ہوں۔ گزشتہ سال مجھے ایئرپورٹ پر روک دیا گیا تھا۔ ایئرپورٹ حکام نے کہا کہ آپ کا نام ای سی ایل پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوشاب الیکشن کے بارے میں بلاول بھٹو لاعلم تھے۔

(جاری ہے)

مجھے بھی بطور وائس چیئرمین خوشاب الیکشن کا علم نہیں تھا۔

خوشاب الیکشن میں امیدوار کا پارٹی قیادت کو علم ہوتا تو رزلٹ مختلف ہوتا۔ ڈسکہ کی سیٹ مسلم لیگ ن کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے عید کے بعد پنجاب کے دورے کا فیصلہ کیا ہے۔ جتنے بھی ضمنی انتخابات ہوئے تمام انتخابات میں اپوزیشن کامیاب ہوئی۔ بطور اپوزیشن ہماری کارکردگی بہت بہتر رہی ہے۔ پی ڈی ایم اب بھی متحد ہوسکتی ہے۔

اگر مولانا فضل الرحمان سب کو ساتھ لے کر چلیں تو چیزیں بہتر ہوسکتی ہیں۔ مولانا فضل الرحمان پی ڈی ایم کے سربراہ ہیں۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج مہنگائی کی وجہ سے لوگ خود کشیاں کررہے ہیں۔ پارلیمنٹ میں لوگوں کو بات کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔ میرے دوراقتدار میں ایک بھی سیاسی قیدی نہیں تھا۔ سیاسی استحکام کے بغیرمعاشی استحکام نہیں آسکتا۔