’باہر جانے کی کیا جلدی ہے ، عید پاکستان میں کریں‘ فردوس عاشق اعوان کا شہباز شریف کو مشورہ

اصل میں آپ کی جائیدادیں اوراولاد باہر ہیں ، اس لیے عید بھی آپ باہر منانا چاہتے ہیں ، علاج معالجے کی آڑمیں یہ لوگ باہر اپنی جائیدادیں بچانے کیلئے ہاتھ پاوَں مار رہے ہیں۔ معاون خصوصی پنجاب کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی اتوار 9 مئی 2021 12:23

’باہر جانے کی کیا جلدی ہے ، عید پاکستان میں کریں‘ فردوس عاشق اعوان ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 مئی 2021ء ) معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو مشورہ دیا ہے کہ باہر جانے کی جلدہ نہ کریں عید پاکستان میں کریں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کرپشن کے الزامات کا سامنا کرنے کی بجائے بیرون ملک جانا چاہتے تھے ، اس سے پہلے نوازشریف نے کہا تھا کہ 4 ہفتے میں علاج کرواکرواپس آوَں گا جب کہ شہبازشریف نے نواز شریف کی گارنٹی دی تھی ، نوازشریف کوواپس لانے کی بجائے شہباز شریف نے فرار ہونے کی کوشش کی ، شہبازشریف پرکرپشن ، منی لانڈرنگ اورکک بیکس کےالزامات ہیں وہ ان کا سامنا کریں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عید پاکستان میں کریں ، آپ کوباہرجانےکی کیا جلدی ہے، اصل میں آپ کی جائیدادیں اوراولاد باہر ہیں ، عید بھی آپ باہر منانا چاہتے ہیں ، علاج معالجےکی آڑمیں یہ لوگ باہراپنی جائیدادیں بچانے کیلئے ہاتھ پاوَں مار رہے ہیں۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان یکساں قانون کے نفاذ کیلئے جنگ لڑ رہے ہیں ، نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے کیلئے اصلاحات کر رہے ہیں ، وزیراعظم نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سےاپناوعدہ پوراکیا ، وزیراعظم نےبیرون ملک مقیم پاکستانیوں کوووٹ کاحق دیا کیوں کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک میں کثیرزرمبادلہ بھیجتےہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کوروناایس اوپیزپرسختی سےعمل کریں ، کورونا لاک ڈاوَن لگانےکا باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری ہوچکا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر محمد شہباز شریف کو لاہور ہائیکورٹ نے بیرون ملک جانے کی اجازت دی ، لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کی درخواست پرفیصلہ سنایا ، جس میں لاہور ہائیکورٹ نے ایک بار پھر شہباز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ، عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کو باہر جانے کی مشروط اجازت 8 مئی سے 5 جولائی تک ہو گی۔

تاہم پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف دوحہ کے راستے برطانیہ جانے کے لیے پرواز نہ کر سکے ، ائیر پورٹ سے بورڈنگ کارڈ جاری ہونے کے بعد ایف آئی حکام نے انہیں آف لوڈ کر دیا ، اس پر شہباز شریف نے بتایا کہ لاہور ہائی کورٹ نے انہیں ون ٹائم بیرون ملک جانے کی اجازت دی ہے ، ن لیگی رہنماء عطاللہُ تارڈ نے حکام کو عدالتی فیصلہ دکھایا اور پڑھ کر بھی سنایا، لیکن مریم اورنگزیب اور عطااللہ تارڈ ایف آئی اے حکام کو قائل نہ کرسکے۔