وفاقی کابینہ کا اجلاس رواں ماہ منگل، 18 مئی کو طلب ، چودہ نکاتی ایجنڈے پر غور ہوگا

اتوار 9 مئی 2021 15:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2021ء) وزیرِ اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس رواں ماہ منگل، 18 مئی کو طلب کر لیا ،وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 14 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ کی جانب سے کرتار پور راہداری منصوبے کو پیپرارولز سے استثنیٰ، پاک چین تعلقات کی70 برس مکمل ہونے پر یادگاری سکہ جاری کرنے، ریلوے پولیس کے دائرہ اختیار سیمتعلق ایس آر اوز جاری کرنیاور الیکشن کمیشن کی سالانہ رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظوری دے جائے گی۔

وفاقی کابینہ کے 18 مئی کو طلب کیئے گئے اجلاس کے ایجنڈے میں نجی ایئر لائن کو پیسنجر اینڈ کارگو لائسنس جاری کرنے اور لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی کی منظوری دینا شامل ہے۔

(جاری ہے)

کابینہ کے اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ کی جانب سے پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹیو، کابینہ الیکٹرانک سرٹیفکیشن ایکریڈیشن کونسل کے ارکان اور بیرونِ ملک پاکستانی مشنز میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشی کی تعیناتی کی منظوری بھی دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ کے اجلاس کے دوران نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی کیچیف ایگزیکٹیو کی تعیناتی پر غور کیا جائے گا جبکہ وفاقی کابینہ اجلاس میں کابینہ کمیٹی ادارہ جاتی اصلاحات کے فیصلوں کی توثیق بھی متوقع ہے۔وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے طلب کیئے گئے اجلاس کے دوران کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی اور وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی۔