حیدرآباد: کورونا سے ابتک 30 پولیس افسر جاں بحق

اتوار 9 مئی 2021 16:15

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2021ء) سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد میں کورونا وائرس سے جاں بحق پولیس افسروں کی تعداد 30 ہو گئی، اہلکاروں کو وبا سے بچانے کے لیے ویکسی نیشن جاری ہے۔کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہیلتھ ورکرز کے ساتھ فورسز کے جوان بھی صف آرا ہیں۔شدید گرمی میں کورونا وائرس سے آگہی مہم ہو یا ایس اوپیز پر عمل درآمد، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے جوان آپ کو اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے نظر آئیں گے۔

(جاری ہے)

حیدر آباد سمیت سندھ بھر میں اب تک 6 ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے 30 افسران جان کی بازی ہار گئے۔ایس ایس پی حیدر آباد کے مطابق حیدر آباد واحد ضلع ہے جہاں 4 ہزار سے زائد پولیس فورس کے اہلکاروں کو ویکسین لگائی جا رہی ہے، پولیس اہلکاروں کے ساتھ ان کی فیملی کو بھی ویکسین لگائی جا رہی ہے۔کورونا وائرس کے شکار کئی افسران اب بھی آئسولیشن میں ہیں اور پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد صحت یاب ہو کر پھر عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔