ماؤں کا عالمی دن ، مریم نواز نے اپنی والدہ کے ساتھ بچپن کی تصویر شیئر کردی

میری والدہ جسمانی طور پر تو میرے ساتھ نہیں ہیں لیکن وہ میری ہر سانس میں میرے ساتھ ہوتی ہیں۔ نائب صدر ن لیگ کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 9 مئی 2021 16:55

ماؤں کا عالمی دن ، مریم نواز نے اپنی والدہ کے ساتھ بچپن کی تصویر شیئر ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 مئی 2021ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے اپنی والدہ کے ساتھ بچپن کی تصویر شیئر کردی۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر اپنی والدہ کے ساتھ اپنے بچپن کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے ، مریم نواز کی طرف سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ماضی کی نایاب تصویر شیئر کی ہے ، جس میں وہ بہت چھوٹی ہیں اور اُن کی مرحومہ والدہ بیگم کلثوم نواز نے اُنہیں گود میں اُٹھایا ہوا ہے۔

تصویر کے ساتھ اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ زندگی گُزارنے کا طریقہ خود سے نہیں بلکہ ماں سے سیکھا جاتا ہے ، میری والدہ نے مجھے سب کچھ دیا لیکن بدلے میں کبھی مجھ سے کچھ نہیں مانگا ، میری والدہ جسمانی طور پر تو میرے ساتھ نہیں ہیں لیکن وہ میری ہر سانس میں میرے ساتھ ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

 

اسی طرح پاکستان مسلم لیگ نکے صدر شہبازشریف نے بھی ماؤں کے عالمی دن پر دنیا بھر کی مائوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہاکہ ماں سے میٹھا، مخلص ، بے غرض اور سچا رشتہ کوئی نہیں ،اللہ تعالی نے اپنے تعارف کے لئے ماںکی مثال دی جو اس کی انسانوں سے محبت کی انتہاہے ، ماں کی عظمت کا مقام یہ ہے کہ اللہ کریم نے اس کے قدموں میں جنت رکھ دی ، ماں کی انمول محبت ٹھنڈے گھنے سایہ دار شجر کی مانند ہوتی ہے ، والدہ کی رحلت وہ غم ہے جو ہرگزرتے دن کے ساتھ بڑھتا اور گہرا ہوتا جاتا ہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ افسوس میں نے والدہ کو اس وقت کھویا جب میں جیل میں تھا، آخری وقت ان سے بات نہ کرسکا ۔جنہیں یہ نعمت میسر ہے، وہ ماوںکی خوب خدمت کرکے دنیا اور آخرت کو جنت بنائیں ، آج کے دن شہداکی ماوں کو خاص طورپر سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے لخت جگر وطن کی حرمت وعزت پر وار دئیے ، اے پی ایس سانحہ میں اپنے بچوں کی جدائی کاعظیم غم سہنے والی ماوں کو سلام پیش کرتا ہوں جب کہ مقبوضہ فلسطین اور جموں وکشمیر کی ماوں کو سلام جنہوں نے جبر کی تاریک رات میں اپنے بے گناہ بچے گنوائے۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاکہ ہم شہداکے بلندی درجات کی دعا اور ان کی ماوں کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں ، کورونا وبا سے جومائیں وفات پا گئی ہیں، ہم ان کے بچوں اور اہل خانہ سے بھی تعزیت کرتے ہیں ، جو مائیں کورونا اور دیگر امراض میں مبتلا ہیں ، انہیں صحت دے ، ہم ترقی یافتہ قوم تب ہی بن سکتے ہیںجب قوم کی مائیں صحت منداور تعلیم یافتہ ہوں گی ، اس مقصد کے لئے ہمیں اپنی بیٹیوں کو صحت مند اور تعلیم یافتہ بنانا ہوگا ، ہمارے ملک میں ماوں کی صحت اور ان کے علاج کو یقینی بنانے کے لئے بہت کام کرنے کی ضرورت ہے ، ہم نے اپنے دور میں ماں اور بچے کی صحت، مناسب غذااور بہبود کے مختلف اہم منصوبے شروع کئے ۔

اللہ تعالی سب کی ماوں کو سلامت رکھے، صحت دے۔ خیال رہے کہ پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں ماؤں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے آج اُن کا عالمی دن منایا جارہا ہے ، اس دن کو منانے کا مقصد محبت کے خالص ترین رنگ کے لیے ماں کے مقدس ترین رشتے کی عظمت و اہمیت کو اُجاگر کرنا اور ماں کے لیے عقیدت، احترام اور محبت کے جذبات کو فروغ دینا ہے۔