رمضان المبارک میں ٹریفک کی روانی رکھنے کیلئے ڈیوٹی پر موجود سٹی وارڈرن نوید اقبال تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق

سٹی وارڈرن نوید اقبال کو سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کی طرح شہید کا درجہ دیا جائے اور شہید کوٹے کے واجبات ادا کیے جائیں،سجن یونین

اتوار 9 مئی 2021 18:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2021ء) سجن یونین (سی بی ای) کے ایم سی کے مرکزی صدر سید ذوالفقار شاہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں ٹریفک کی روانی کو جاری رکھنے کیلئے ڈیوٹی پر موجود کے ایم سی کے سٹی وارڈرن نوید اقبال کو مین یونیورسٹی روڈ پر تیز رفتار گاڑی نے ٹکر مار کر شدید زخمی کردیا۔ اسپتال پہنچتے ہی وہ دوران علاج جاں بحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ، چیف سیکریٹری سندھ، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اور ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں، فائر فائٹرز، سٹی وارڈرن، سینیٹری ورکرز کو بھی حادثے پر شہید کا درجہ دے کر انہیں شہید کوٹے کے مطابق مراعات دیں تاکہ شہید ہونے والے اہلکاروں کے بچے اور بیوائیں دربدر کی ٹھوکریں نہ کھائیں۔