الحمدللہ گندم خریداری کا 80% سے زائد ہدف حاصل کیا جاچکا ہے‘ فردوس عاشق اعوان

وافر مقدار میں خریداری ناصرف پنجاب بلکہ ملک بھر کی غذائی ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہوگی

پیر 10 مئی 2021 12:57

الحمدللہ گندم خریداری کا 80% سے زائد ہدف حاصل کیا جاچکا ہے‘ فردوس عاشق ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2021ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں کسان دوست پنجاب حکومت گندم خریداری کا عمل کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہے، الحمدللہ گندم خریداری کا 80% سے زائد ہدف حاصل کیا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بزدارحکومت گندم کی بروقت خریداری یقینی بناتے ہوئے جلد اپنا ہدف مکمل کرے گی، حکومت نے باردانہ کی فراہمی سے گندم کی خریداری تک بہترین انتظامات کئے ہیں،پنجاب بھر سے باردانہ یا مقررہ نرخوں سے متعلق کسی قسم کی شکایت نہیں آئی، کسانوں کیلئے کئے گئے مثالی اقدامات بزدارحکومت کی کسان دوستی کا ثبوت ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وافر مقدار میں گندم کی خریداری ناصرف پنجاب بلکہ ملک بھر کی غذائی ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔