حکومت بچوں کے اے ، او لیولزکے امتحانات کا انعقاد کرے‘میاں رضا الرحمن

قومی نصاب سے اسلامی مواد کو نکالنے کی کوشش کی گئی توملک گیر سطح پر بھرپور مزاحمت کی جائیگی‘ صدر سرونگ سکولز ایسوسی ایشن

پیر 10 مئی 2021 14:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2021ء) سرونگ اسکولز ایسوسی ایشن کے صدر میاں رضا الرحمن نے کہاہے کہ قومی نصاب سے اسلامی مواد کو نکالنے کی کوشش کی گئی توملک گیر سطح پر بھرپور مزاحمت کی جائیگی،سپریم کورٹ آف پاکستان سے استدعا ہے کہ اس معاملے میں پاکستان میں رہنے والے 98 فیصد مسلمانوں کے مذہبی حقوق اور جذبات کو ملحوظ خاطر رکھا جائے ، حکومت بچوں کے اے ، او لیولز کے امتحانات کا انعقاد کرے یا پھر بچوں کو ٹیچرز ایکسیسیڈ گریڈ دے دیا جائے تاکہ بچے اگلی کلاس میں جا سکیںاور ان کا تعلیمی سال ضائع ہونے سے بچ سکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ قومی نصاب پر کمیشن کی سفارشات غیر اسلامی اور قومی مفادات سے متضاد ہیں اس لئے ہم مسترد کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

کمیشن کی سفارشات میں اسکول ایسوسی ایشنز، ٹیکس بک بورڈ ،تعلیمی اور سماجی تنظیموں، مفکرین اسلام اور اساتذہ کرام کے نقطہ نظر کو نہ تو سنا گیا اور نہ ہی زیر بحث لایا گیااس لیے ہمارے نزدیک اس کی کوئی اہمیت نہیں ۔انہوں نے کہا کہ نصاب سے اسلامی عقائد تاریخ اسلام کو نکالنے کی کسی بھی قسم کی کوشش کی گئی تو بھرپور اور ملک گیر سطح پر مزاحمت کی جائے گی ،اگر نصاب سے حمد باری تعالی اور نعت شریف کو نکالا گیا تو ایسی کتب کی نہ تو اشا عت ہوگی اور نہ ہی ایسی کتب سکولوں میں پڑھائی جائیں گی۔